سید پور ویلیج میں جائیدادیں ڈی سیل، جگہ خالی کرانے کیلئے قانونی تفاضے پورے کریں : اسلام آباد ہائیکورٹ

سید پور ویلیج میں جائیدادیں ڈی سیل، جگہ خالی کرانے کیلئے قانونی تفاضے پورے کریں : اسلام آباد ہائیکورٹ

بحالی پالیسی میں دوہرا فائدہ مل سکتا نہ پرانے دعوے کھل سکتے ،صرف معاوضہ والے ڈی سی کے پاس جائیں:ڈویژن بینچ گھر کے تنازع میں سامان پر قبضہ کے ملزم کی ضمانت منسوخ، ہتھکڑی لگانے کا حکم، بری امام ہاؤس کیس میں اپیل پر فیصلہ محفوظ

اسلام آباد (رضوان قاضی)اسلام آباد ہائیکورٹ نے سید پور ویلیج میں سی ڈی اے آپریشن میں گھروں کو مسمار کرنے کے خلاف درخواستوں کے فیصلہ میں قرار دیا کہ سرکاری زمین پر جانبداری یا پسند ناپسند کا کوئی معاہدہ نہیں ہو سکتا، 25 جولائی 2008 کا خط ازخود اضافی الاٹمنٹ یا دوبارہ بحالی کا قابلِ نفاذ حق پیدا نہیں کرتا، 1996 کی بحالی پالیسی کے تحت دوہرا فائدہ نہیں مل سکتا اور برسوں پرانے دعوے دوبارہ نہیں کھل سکتے ۔ جسٹس خادم حسین سومرو کی سربراہی میں ڈویژن بینچ نے فیصلہ جاری کر دیا۔

عدالت نے حکم دیا کہ ایک ماہ میں سی ڈی اے فریقین کو سن کر قانون کے مطابق شفاف اور میرٹ پر فیصلہ کرے اور حتمی فیصلے تک درخواست گزاروں کے خلاف منفی کارروائی نہ کی جائے ، درخواست گزاروں کی جائیدادیں فوری ڈی سیل کی جائیں، جن متاثرین کا سیدپور کی زمین یا گھروں کا معاوضہ باقی ہے صرف وہی ڈی سی کے پاس جائیں، جگہ خالی کرانے کیلئے تمام قانونی تقاضے پورے کیے جائیں۔ جسٹس خادم حسین سومرو نے گھر کے ملکیتی تنازع کی آڑ میں کرایہ دار کے سامان پر مبینہ قبضے کے کیس میں ضمانت منسوخ کرتے ہوئے ملزم اسرار علوی کو ہتھکڑیاں لگانے کا حکم دیا اور کہا انہیں احاطہ عدالت سے باہر لے جاکر گرفتار کرلیں۔ جسٹس اعظم خان اور جسٹس محمد آصف پر مشتمل ڈویژن بینچ نے بری امام ہاؤس کے خلاف سی ڈی اے کی کارروائی کے کیس میں انٹرا کورٹ اپیل قابل سماعت ہونے پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...