صوبوں کیلئے ریفرنڈم پر 50 ارب خرچ کرنیکا کیا جواز؟ مراد شاہ

صوبوں کیلئے ریفرنڈم پر 50 ارب خرچ کرنیکا کیا جواز؟ مراد شاہ

سندھ میں نئے بلدیاتی قانون پرسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کیلئے وزارتی کمیٹی قائم کراچی میں حکم امتناع پر بننے والی 123 عمارتوں پر کام رکوادیا،وزیراعلیٰ

کراچی (اسٹاف رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بلدیاتی اداروں کو مزید بااختیار بنانے اور اجتماعی مشاورت سے نیا بلدیاتی قانون تیار کرنے کے لیے دو رکنی وزارتی کمیٹی تشکیل دینے کا اعلان کیا ہے ۔ کوشش ہوگی 3 ماہ میں نیا قانون بنالیں،ان کا کہنا تھا کہ اگر لگ رہا ہے کہ ہم اسٹیبلشمنٹ کے دباؤ میں نیا بلدیاتی قانون بنا رہے ہیں تو یہ غلط ہے ،یہ ہمارے منشور میں پہلے ہی شامل تھا۔کمیٹی میں وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ اور وزیر قانون ضیا الحسن لنجار شامل ہوں گے ، جو سیاسی جماعتوں، سول سوسائٹی اور دیگر متعلقہ فریقوں سے مشاورت کریں گے۔ وزیراعلیٰ ہاؤس میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ مجوزہ مشاورت کا مقصد بلدیاتی اداروں کو مضبوط بنانا، انہیں زیادہ خودمختاری دینا اور پیپلز پارٹی کے منشور اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے وژن کے مطابق ان کی مالی اور انتظامی استعداد بہتر بنانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کمیٹی آئندہ ہفتے سے کام شروع کرے گی، تمام متعلقہ فریقوں سے رابطہ کرے گی اور تین ماہ کے اندر جامع مشاورت کے بعد اپنی سفارشات صوبائی حکومت کو پیش کرے گی۔ مجوزہ قانون سازی موجودہ بلدیاتی قانون میں ترامیم کے ذریعے کی جائے گی جبکہ آئندہ بلدیاتی انتخابات مقررہ وقت پر ہوں گے ۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ سندھ کی حدود میں نئے صوبے بنانے کی تجاویز سندھ اسمبلی پہلے ہی دو تہائی اکثریت سے مسترد کرچکی ہے ۔انہوں نے سوال اٹھایا کہ ریفرنڈم پر تقریباً 50 ارب خرچ کرنے کا کیا جواز ہے ، جب کہ حتمی آئینی اور قانون سازی کا فیصلہ پارلیمنٹ نے کرنا ہے ۔ کراچی کی ایڈمنسٹریٹو سوسائٹی میں زیرِ تعمیر عمارت منہدم ہونے کے واقعے کا حوالہ دیتے ہوئے مراد علی شاہ نے مزید انکشاف کیا کہ کراچی میں اس وقت 123 عمارتیں عدالتی حکم امتناع پر بن رہی ہیں ، حکومت نے ان تمام عمارتوں پر کام رکوادیا ہے ، عدالت سے درخواست کی ہے کہ 15 دن میں ان عمارتوں کا فیصلہ کریں ، اگر توہین عدالت لگائی تو سامنا کرنے کو تیار ہوں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...