ملک میں ویمن فیسیلی ٹیشن سنٹرز کا قیام ترجیح : چیف جسٹس
ون ونڈو کے تحت رہنمائی ،مخصوص انتظار گاہیں اور مشاورتی کمرے بنیں گے ترک عدالت عظمیٰ کے وفد کا سپریم کورٹ لاہور رجسٹری اور ہائیکورٹ کا دورہ
لاہور (کورٹ رپورٹر،دنیا نیوز)چیف جسٹس پاکستان جسٹس یحیی آفریدی نے کہا کہ ملک بھر میں ویمن فیسیلی ٹیشن سنٹرز کا قیام سال 2026-27 کیلئے لا اینڈ جسٹس کمیشن آف پاکستان کی اہم ترجیح ہے ، ان مراکز میں خواتین کو ون ونڈو نظام کے تحت عدالتی معلومات، قانونی رہنمائی اور معاونت فراہم کی جائے گی۔چیف جسٹس کی زیر صدارت پنجاب میں ویمن فیسیلی ٹیشن سنٹرز کے قیام سے متعلق اجلاس سپریم کورٹ لاہور برانچ رجسٹری میں ہوا، جس میں ابتدائی طور پر فیصل آباد اور میانوالی میں ویمن فیسیلی ٹیشن سینٹرز اور فیملی کورٹس کے قیام کے منصوبوں کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس عالیہ نیلم، رجسٹرار سپریم کورٹ، رجسٹرار لاہور ہائیکورٹ، سیکرٹری محکمہ مواصلات و تعمیرات پنجاب راجہ جہانگیر انور، چیف آرکیٹیکٹ احمد مدثر اور جنرل منیجر ایس پی یو مظہر منصور نے شرکت کی۔ ملک گیر ڈیزائن مقابلے میں کامیاب ہونے والے آرکیٹیکٹ رضا زاہد بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ فیملی کورٹس کے ساتھ ویمن فیسیلی ٹیشن سینٹرز کے قیام سے خواتین کو مختلف دفاتر کے چکر لگانے کی ضرورت کم ہوگی، مجوزہ مراکز میں استقبالیہ، رہنمائی ڈیسک، مخصوص انتظار گاہیں، صاف ستھرے واش رومز اور علیحدہ مشاورتی کمرے قائم کیے جائیں گے ۔مراکز میں ثالثی کیلئے خصوصی کمرے ، بچوں کی دیکھ بھال کیلئے ڈے کیئر سینٹرز اور خواتین کو قانونی مشورے ، قانونی معاونت اور نفسیاتی و سماجی مدد فراہم کرنے کی سہولیات بھی موجود ہوں گی، متبادل حلِ تنازعات اور ضرورت کے مطابق متعلقہ اداروں سے رجوع کرنے میں بھی معاونت فراہم کی جائے گی۔معذوری کی حامل خواتین کیلئے آسان داخلی راستے ، ریمپس اور واضح رہنما علامات فراہم کرنے کے علاوہ خاندانی مقدمات میں بچوں سے ملاقات کیلئے مناسب جگہ بھی مختص کی جائے گی۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ ویمن فیسیلی ٹیشن سینٹرز کے ڈیزائن کیلئے انسٹیٹیوٹ آف آرکیٹیکٹس پاکستان کے زیر اہتمام ملک گیر مقابلہ منعقد کیا گیا تھا، جس میں کامیاب ہونے والے تین بہترین ڈیزائنز تمام ہائیکورٹس کو فراہم کیے جا چکے ہیں۔
اجلاس میں فیصل آباد اور میانوالی کیلئے مجوزہ ڈیزائنز کو مقامی ضروریات کے مطابق ڈھالنے پر تبادلہ خیال کیا گیا، مراکز کے ڈیزائن میں خواتین کی رازداری، آسان رسائی اور مطلوبہ سہولیات کی فراہمی کو خصوصی اہمیت دینے پر زور دیا گیا۔اجلاس میں لاہور ہائیکورٹ، لا اینڈ جسٹس کمیشن آف پاکستان اور محکمہ مواصلات و تعمیرات پنجاب کے درمیان مؤثر رابطہ کاری کی اہمیت پر بھی زور دیا گیا۔ ویمن فیسیلی ٹیشن سینٹرز کے قیام کا مقصد خواتین کیلئے انصاف تک رسائی کو مزید آسان، محفوظ اور باوقار بنانا ہے ۔دریں اثنا ترک عدالتِ عظمیٰ کے صدر عمر کرکیز کی قیادت میں 6 رکنی وفد نے سپریم کورٹ لاہور رجسٹری اور لاہور ہائیکورٹ کا دورہ کیا، وفد نے چیف جسٹس پاکستان یحیی آفریدی سے ملاقات کی ، جس میں پاکستان اور ترکیہ کے درمیان عدالتی تعاون مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا گیا،بعد ازاں چیف جسٹس عالیہ نیلم کی جانب سے لاہور ہائیکورٹ میں وفد کے اعزاز میں چائے کا اہتمام کیا گیا، تقریب میں پرنسپل سیٹ پر کام کرنے والے جج بھی موجود تھے ، ملاقات میں چیف جسٹس عالیہ نیلم اور ترک عدالتِ عظمیٰ کے صدر عمر کرکیز کے درمیان عدالتی نظام پر تبادلہ خیال ہوا، اس موقع پر پاکستان اور ترکیہ کے عدالتی نظام اور بروقت انصاف کی فراہمی کے حوالے سے بھی گفتگو کی گئی،وفد نے لاہور ہائیکورٹ کی مہمان نوازی کو سراہا اور چیف جسٹس عالیہ نیلم کی جانب سے بروقت انصاف کی فراہمی کیلئے کیے جانے والے اقدامات کی تعریف کی، اس موقع پرسکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments