اسلام آباد:مکہ اتحاد کا اجلاس ،سعودی عرب کی مکمل حمایت

اسلام  آباد:مکہ  اتحاد  کا  اجلاس ،سعودی  عرب  کی  مکمل  حمایت

سہ فریقی اتحاد کی سٹریٹجک پولیٹیکل اینڈ ڈیفنس کمیٹی کا ڈھائی گھنٹے اجلاس، اسحاق ڈار، خواجہ آصف، فیلڈ مارشل عاصم منیر ،سعودی و ترک وزرائے خارجہ ودفاع اورفوجی سربراہان کی شرکت خطے کی بدلتی سکیورٹی صورتحال کا جائزہ، حوثی ملیشیا کے مسلسل حملوں کی شدید مذمت،تعاون مضبوط بنانے پراتفاق کیا گیا:مشترکہ اعلامیہ ،ترک صدر نے معاہدے کی منظوری دیدی

اسلام آباد(الماس حیدر نقوی،نیوز ایجنسیاں، مانیٹرنگ ڈیسک)مکہ دفاعی اتحاد کے اسلام آباد میں منعقدہ اجلاس میں سعودی عرب پر حوثیوں کے مسلسل اور گھناؤنے حملوں کی مذمت کرتے ہوئے سعودی عرب کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا گیا۔ مکہ دفاعی اتحاد کے اعلیٰ فیصلہ ساز ادارے سٹریٹجک پولیٹیکل اینڈ ڈیفنس کمیٹی کا اجلاس تقریباً ڈھائی گھنٹے تک جاری رہا۔اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کی جبکہ سعودی وفد میں وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان، وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان اور مسلح افواج کے چیف آف جنرل سٹاف جنرل فیاض بن حامد الرویلی شامل تھے ۔ترکیہ کے وفد میں وزیر خارجہ ہاکان فیدان، وزیر قومی دفاع یاشار گولر اور چیف آف جنرل سٹاف جنرل سلچوک بائراکتاروغلو شریک ہوئے ۔ اسحاق ڈار نے اجلاس کے اختتام پر بتایا کہ پاکستان، ترکیہ اور سعودی عرب نے خطے میں بدلتی ہوئی سکیورٹی صورت حال کے تناظر میں تعاون،رابطہ بڑھانے ، کشیدگی میں کمی اور تنازعات کے پرامن حل کیلئے کوششیں جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے ، انہوں نے کہا تینوں ممالک نے اجلاس میں مشترکہ دفاع، باہمی یکجہتی،ایک دوسرے کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے احترام کے اصولوں سے وابستگی کا اعادہ کیا۔انہوں نے کہا اجلاس میں خطے کی بدلتی ہوئی سکیورٹی صورت حال کا جائزہ لیا گیا اور سفارت کاری کے ذریعے تنازعات کے پرامن حل کی حوصلہ افزائی پر اتفاق کیا گیا۔

اسحاق ڈار کے مطابق اجلاس میں مکہ اتحاد برائے دفاع کے گزشتہ اجلاس میں کیے گئے فیصلوں پر عمل درآمد کا جائزہ بھی لیا گیا اور سعودی عرب میں اتحاد کے سیکرٹریٹ کے قیام اور اسے فعال بنانے کی جانب پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔انہوں نے بتایا کہ تینوں ممالک نے سعودی عرب میں حوثی ملیشیا کے شہریوں اور شہری تنصیبات پر مسلسل حملوں کی شدید مذمت کی اور سعودی عرب کی سلامتی، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے اپنی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ڈار کے مطابق اجلاس میں دفاعی صنعتوں، مشترکہ تکنیکی ترقی، تربیت اور استعداد کار بڑھانے کے شعبوں میں تعاون مضبوط بنانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ اجلاس تین برادر ممالک کے درمیان دیرینہ دوستی اور یکجہتی کے مضبوط رشتوں کی علامت ہونے کے ساتھ ساتھ علاقائی اور عالمی امن و سلامتی کے لئے پاکستان کی مسلسل کوششوں کا مظہر بھی ہے۔

یہ اجلاس بین الاقوامی سطح پر پاکستان کے بڑھتے ہوئے اور مضبوط سفارتی کردار کی عکاسی کرتا ہے ۔اجلاس کے اعلامیہ کے مطابق کمیٹی نے خطے کی بدلتی ہوئی سکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا اور تینوں ممالک کی جانب سے علاقائی امن، سلامتی اور استحکام کے لیے اجتماعی طور پر کام جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا، کمیٹی نے جاری سیاسی اور عسکری مشاورت کے نتائج کا بھی جائزہ لیا اور باہمی دلچسپی کے امور پر تعاون و ہم آہنگی بڑھانے ، علاقائی کشیدگی میں کمی کی کوششوں کی حمایت کرنے اور مذاکرات و سفارت کاری کے ذریعے تنازعات کے پرامن حل کی حوصلہ افزائی کے لیے مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔کمیٹی نے سعودی عرب میں شہریوں اور شہری تنصیبات کو نشانہ بنانے والے حوثی ملیشیا کے مسلسل اور گھناؤنے حملوں کی شدید مذمت کا اعادہ کیا اور معاہدے کی اجتماعی دفاعی شقوں کے مطابق مملکت کی سلامتی کے تحفظ میں اس کی حمایت کے لیے اپنی اجتماعی کوششیں جاری رکھنے اور انہیں مزید تیز کرنے کے عزم کو دہرایا۔

فریقین نے مشترکہ سکیورٹی خدشات سے نمٹنے اور خطے میں امن و سلامتی میں کردار ادا کرنے کے لیے اپنی مسلح افواج کی اجتماعی صلاحیتوں،ہم آہنگی کو بڑھانے کی غرض سے دفاعی صنعتوں، مشترکہ تکنیکی ترقی، تربیت اور استعداد کار میں اضافے کے شعبوں میں تعاون کو مضبوط بنانے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔کمیٹی نے 31 اگست 2026 کو استنبول میں ہونے والے افتتاحی اجلاس اور 5 اکتوبر 2026 کو ریاض میں منعقدہ ہنگامی اجلاس کے فیصلوں پر عملدرآمد میں ہونے والی پیش رفت کا جائزہ بھی لیا۔اعلامیے میں کہا گیا کہ ان فیصلوں کو ادارہ جاتی شکل دینے اور قومی قوانین کے مطابق اجتماعی دفاعی وعدوں کو عملی جامہ پہنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔مشترکہ اعلامیے کے مطابق کمیٹی نے سعودی عرب میں سیکرٹریٹ کے قیام اور اسے فعال بنانے کی جانب پیش رفت کو سراہا اور اتحاد کے ادارہ جاتی امور اور مؤثر رابطہ کاری میں سیکرٹریٹ کی اہمیت پر زور دیا۔ مکہ دفاعی اتحاد کی سٹریٹجک پولیٹیکل اینڈ ڈیفنس کمیٹی کے اجلاس کے بعد سعودی عرب اور ترکیہ کے وفود نے وزیرِ اعظم شہبازشریف سے ملاقات کی۔اعلامیہ کے مطابق وزیرِ اعظم نے مکہ دفاعی اتحاد کے ساتھ پاکستان کے پختہ عزم کا اعادہ کیا۔

وزیراعظم نے معاہدے کی شقوں کے مطابق اپنی سلامتی، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع کے لیے تینوں ممالک کے اتحاد اور عزم کا خیرمقدم کیا جبکہ سٹریٹجک پولیٹیکل اینڈ ڈیفنس کمیٹی کے اجلاس کے نتائج پر اطمینان کا اظہار کیا۔ وزیرِ اعظم نے سعودی عرب کے ساتھ غیرمتزلزل یکجہتی کا اظہار،مملکت کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور سلامتی کے لیے مکمل حمایت کا یقین دلایا جبکہ تینوں فریقین نے خطے کی تازہ ترین صورتحال پرتبادلہ خیال،پائیدار امن و استحکام کے لیے مل کر کام جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ ملاقات میں نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار، وزیر دفاع خواجہ آصف،چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر اور قومی سلامتی کے مشیر لیفٹیننٹ جنرل عاصم ملک شامل تھے ۔ اعلیٰ سطح اجلاس کے پیش نظر اسلام آباد میں عام تعطیل جبکہ راولپنڈی میں بھی مقامی تعطیل کا اعلان کیا گیا تھا، اس کے علاوہ نقل و حرکت پر خصوصی پابندیاں بھی عائد کی گئی تھیں۔دریں اثنا ترک صدر رجب طیب اردوان نے پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان طے پانے والے مشترکہ دفاعی معاہدے کی باضابطہ منظوری دے دی ۔یہ پیش رفت نومبر کے اوائل میں ترک پارلیمنٹ کی جانب سے معاہدے کی توثیق کے بعد سامنے آئی ہے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...