اقتدار سے زیادہ عارضی کوئی چیز نہیں ،یہ ریت کی طرح پھسل جاتا ہے:مریم نواز

اقتدار  سے  زیادہ   عارضی  کوئی  چیز  نہیں ،یہ  ریت  کی  طرح  پھسل  جاتا  ہے:مریم  نواز

پنجاب میں صرف میرٹ کی حکمرانی ، ڈگریوں کا دور ختم، یہ سپیشلائزڈ ایجوکیشن کا دورہے ،اے آئی نے دنیا بدل دی اگلے ماہ طالبات کوسکوٹیزدینگے ، چکوال یونیورسٹی میں خطاب،پیرا گلائیڈنگ چیمپئن شپ کی تقریب میں شرکت

چکوال (سٹاف رپورٹر،دنیا نیوز)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے کہا ہے کہ حکومت صدا کسی کی نہیں رہتی، اقتدار سے زیادہ عارضی کوئی چیز نہیں، یہ ریت کی طرح پھسل جاتا ہے ، پنجاب میں اب صرف میرٹ کی حکمرانی ہے ، پنجاب واحد صوبہ ہے جو اپنے بچوں کی محنت کا بھرپور صلہ دیتا ہے ، کسی بھی حکومت کے لیے شرم کا مقام ہے کہ قابل بچے وسائل نہ ہونے پر تعلیم سے محروم رہیں، چکوال یونیورسٹی میں لیپ ٹاپ اورہونہار سکالر شپ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ سکالرشپ اور لیپ ٹاپ احسان نہیں بلکہ محنت کا صلہ ہیں، انہوں نے بچیوں کو بتایا کہ لیپ ٹاپ سکیم میں خیبرپختونخوا کا حصہ بھی رکھا گیا ہے ، قابلیت کی حوصلہ افزائی کے لیے کسی صوبے کی کوئی حد بندی نہیں ہوگی ، انہوں نے کہا کہ ڈگریوں کا دور ختم ہو گیا ،اب سپیشلائزڈ ایجوکیشن کا دورہے ،اے آئی نے دنیا بدل دی ہے ،وزیر اعلیٰ نے کہا کہ لاہور جیسی جدید گرین بسیں اور بس سٹینڈز پنجاب کے تمام اضلاع میں بنائے گئے ، وسائل کی کمی کا سامنا مجھے بھی ہے ، فنڈز سوچ سمجھ کر لگانے پڑتے ہیں،مریم نواز نے کہا کہ جب کوئی ظلم کے خلاف مریم نواز کو یاد کرتا ہے تو محسوس ہوتا ہے کہ فرض ادا ہوگیا، انہوں نے کہا کہ ہراسانی کے واقعات کی فوری رپورٹنگ کے لیے جدید سیفٹی ایپ متعارف کرائی گئی ہے۔

جبکہ ہراسانی کا سامنا کرنے والی بچیوں کے تحفظ کے لیے پینک بٹن بھی فعال کر دیے گئے ہیں،صحت کی سہولیات سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ ماضی میں چھوٹے شہروں میں طبی سہولیات کی عدم دستیابی کے باعث مریضوں کو علاج کے لیے بڑے شہروں کا رخ کرنا پڑتا تھا، تاہم اب چکوال میں کسی شخص کو دل کا عارضہ لاحق ہونے کی صورت میں اسے اسی شہر میں مفت علاج کی سہولت فراہم ہوگی،ان کا کہنا تھا کہ پہلے مرحلے میں 10 سے 15 گرین بسیں پہنچ چکی ہیں، مزید بسیں بھی جلد شامل کی جائیں گی، رانا سکندر کی ڈیوٹی لگائی ہے کہ یونیورسٹی کے لیے پنک بس کل ہی لائی جا ئیں ، یہ جدید بسیں وائی فائی کی سہولت سے آراستہ اور مکمل محفوظ ہیں،مریم نواز نے اعلان کیا کہ بچیوں کے لیے پنک جبکہ بچوں کے لیے بلیک سکوٹیز لانے جا رہے ہیں ،انہوں نے چکوال کی ضلعی انتظامیہ میں خواتین کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ چکوال کی ڈپٹی کمشنر ایک خاتون ہیں اور ہمیں ان کی کارکردگی پر فخر ہے ، وزیراعلیٰ نے کہا کہ حکومت کو آئے ابھی صرف ایک ہزار دن ہوئے ہیں، حکومت اور اقتدار مستقل چیزیں نہیں، بلکہ آنے جانے والی چیزیں ہیں، حکومت سب سے نازک ذمہ داری ہے جو ہاتھوں سے ریت کی طرح پھسلتی ہے ، اقتدار سے زیادہ عارضی کوئی چیز نہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ خیبر پختونخوا سے آئے 500 بچوں سے مل کر بہت اچھا لگا۔

بچو !جتنے خواب دیکھنے ہیں دیکھو، ریاست آپ کے ہر خواب کو پورا کرے گی ،وزیراعلیٰ نے کہا کہ اب گرین بسوں پر خواتین، بزرگ افراد اور طلبہ کیلئے سفر بالکل فری ہے ۔ اگلے ماہ دسمبر میں طالبات کیلئے سکوٹیز دینا شروع کر دیں گے ۔ دریں اثنا وزیراعلیٰ نے چکوال میں پیرا گلائیڈنگ چیمپئن شپ 2026 کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کی دلکش خوبصورتی دنیا بھر کے سیاحوں کو سحر زدہ کرنے کیلئے تیار ہے ،پنجاب کو ایڈونچرٹورازم کامرکز بنائیں گے ،ایڈونچر ٹورازم بین الاقوامی سرمایہ کاری کیلئے نئے مواقع لیکر آرہے ہیں ،انہوں نے کہاکہ تھربی لیک کو پہلی دفعہ دیکھا تو حیران رہ گئی کہ کتنی خوبصورت جگہ ہے ۔ مریم نواز صرف پاکستان ہی نہیں بلکہ دنیا کو دکھا رہی ہے کہ یہاں پنجاب میں کتنی خوبصورتی موجود ہے ۔پنجاب اور پاکستان کے بارے میں دنیا کی سوچ پیرا گلائیڈنگ چیمپئن شپ کے ذریعے بدلے گی،علاوہ ازیں نوبیل سسٹین ابیلیٹی ٹرسٹ ادارے نے وزیراعلیٰ کے ماحول دوست اقدامات کی تعریف کی ہے اور ماحول کے تحفظ کے اعتراف میں ان کو دورے کی باضابطہ دعوت دی ہے ۔ وزیراعلیٰ 30 نومبر کو سالانہ میلے میں شرکت کیلئے ہانگ کانگ جائیں گی۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...