ٹیکنوکریٹ یا قومی حکومت بنانی تو واضح خاکہ سامنے لایا جائے:شاہد خاقان

ٹیکنوکریٹ  یا  قومی  حکومت  بنانی   تو  واضح  خاکہ  سامنے  لایا  جائے:شاہد  خاقان

عوام کو بیوقوف بنانے کے بجائے صوبوں بارے اصل حقائق سے آگاہ کریں،الیکشن میں مداخلت ملکی مسائل کی بنیادی وجہ عوام کو آج بھی مناسب خوراک میسر نہیں ،حکمران وفاق بچانے کی جنگ میں مصروف ، عوامی رائے کا احترام حل کی ابتدا :گفتگو

راولپنڈی (دنیا نیوز)سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے الیکشن میں مداخلت ملکی مسائل کی بنیادی وجہ ہے ، عوام کی رائے کا احترام مسائل کے حل کی ابتدا ہے ۔ اگر ٹیکنوکریٹ یا قومی حکومت بنانی ہے تو اس کا واضح خاکہ سامنے لایا جائے ، آخر کس ری سیٹ کی بات کی جا رہی ہے ؟ ۔ راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا آج پاکستان کے حالات سب کے سامنے ہیں، ملکی  معاملات درست انداز میں نہیں چل رہے اور عوام مشکلات کا شکار ہیں۔مسائل کے حل کی ابتدا عوام کی رائے کا احترام کرنے سے ہوتی ہے ، لیکن ملک میں عوامی رائے کو اہمیت نہیں دی جا رہی ۔ملکی مسائل کی بنیادی وجہ انتخابات میں مداخلت ہے ، 2018 اور 2024 کے انتخابات اس کی مثالیں ہیں۔پاکستان کے عوام کو آج بھی مناسب خوراک میسر نہیں اور عوام معاشی مشکلات سے دوچار ہیں، جبکہ حکمرانوں کو عوامی مسائل کی کوئی پرواہ نہیں۔حکمران وفاق کو بچانے کی جنگ میں مصروف ہیں، دوسری جانب صوبوں کے حوالے سے باتیں کی جا رہی ہیں۔اگر صوبوں سے متعلق کوئی منصوبہ یا خاکہ ہے تو پہلے اسے عوام کے سامنے پیش کیا جائے ، عوام کو بیوقوف بنانے کے بجائے انہیں اصل حقائق سے آگاہ کیا جائے ۔

دنیا میں کہیں ایسا نہیں ہوتا کہ ایک میٹنگ کروانے کے لیے پورا ملک بند کرنا پڑے ۔آج آٹے کی قیمت 190 روپے فی کلو تک پہنچ چکی ہے ، چند سال پہلے آٹا 80 سے 90 روپے فی کلو تھا، عالمی سطح پر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے اثرات دوسرے ممالک میں بھی مرتب ہوئے ، لیکن پاکستان میں ایل پی جی اور پٹرول کی قیمتوں میں بہت زیادہ اضافہ کیا گیا۔پاکستان کو 80 سال ہونے کو ہیں لیکن آج تک گندم کی قیمت اور مل سے عوام تک آٹے کی فراہمی کا مؤثر نظام وضع نہیں کیا جا سکا، پاکستان 10 لاکھ ٹن گندم درآمد کر چکا ہے جبکہ گندم کی کمی 25 سے 30 لاکھ ٹن تک بتائی جا رہی ہے ۔ کسانوں نے اپنی گندم 65 روپے فی کلو تک فروخت کی، پنجاب میں 30 لاکھ ٹن گندم خریدنے کے بجائے صرف ایک لاکھ 50 ہزار ٹن کے قریب گندم خریدی گئی، جس سے مڈل مین کو ذخیرہ اندوزی کا موقع ملا۔ گندم کی خریداری میں ناکامی محض پالیسی کی ناکامی نہیں بلکہ پالیسی میں کرپشن کا معاملہ ہے ، چینی کو ڈی ریگولیٹ کر دیا گیا، حالانکہ پاکستان چینی کی پیداوار میں آگے تھا، چینی کی درآمد پر 30 فیصد ٹیکس عائد کیا گیا، جبکہ شوگر ملز مالکان اور پالیسی سازوں کے مفادات ایک دوسرے سے جڑے ہوئے ہیں۔سابق وزیر اعظم نے کہا کہ وزراء آپس میں لڑ رہے ہیں، ملک میں سیاسی استحکام، قانون اور واضح پالیسی کا فقدان ہے ۔ ملکی نظام میں تبدیلی اور ری سیٹ کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے سوال اٹھایا آخر کس ری سیٹ کی بات کی جا رہی ہے ؟ صوبوں کے وسائل کی تقسیم کا طریقہ کار اور مجوزہ نظام کا مکمل خاکہ عوام کے سامنے پیش کیا جانا چاہیے ، ٹیکس کی مد میں جمع ہونے والی رقوم کی صوبوں میں منصفانہ تقسیم ضروری ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...