جنوری میں ڈیجیٹل یا الیکٹر انک ریفرنڈم کرانے کیلئے 3آپشنز زیر غور
1۔پولنگ سٹیشنز پرالیکٹرانک مشینیں ۔ 2۔موبائل فون پر میسجز ۔3۔موبائل ایپلی کیشن پورٹل کیلئے پاک ایپ کا استعمال حتمی فیصلہ نہیں ہوا ، گورنر راج کی مد ت پوری ہونے پر11 دسمبر سے پہلے پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس ،وہاں بحث ہوگی :بیرسٹر عقیل
اسلام آباد (ثمر عباس)باوثوق ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ نئے صوبوں کے قیام کے لیے ریفرنڈ م کی تجویز پر سنجیدگی سے غور کیا جارہا ہے ۔ اس حوالے سے دسمبر کے پہلے ہفتے میں پارلیمان میں بحث کا آغاز ہونے کا امکان ہے ۔ حتمی فیصلہ ہونیکی صورت میں ریفرنڈم جنوری 2027 کے پہلے یا دوسرے ہفتے میں کرایا جائیگا ۔ ریفرنڈم کے لیے مختلف آپشنز پر غور جاری ہے تاہم زیادہ امکان ڈیجیٹل یا الیکٹرانک ریفرنڈم کے انعقاد کا ہے تاکہ وقت اور پیسہ دونوں کی بچت کے ساتھ ساتھ شفافیت ممکن ہو سکے ۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ ریفرنڈم کے انعقاد کے لئے تین آپشنز زیر غور ہیں، پہلا آپشن باقاعدہ پولنگ سٹیشنز قائم کر کے الیکٹرانک مشین کے ذریعے عوامی رائے معلوم کرنے کا ہے لیکن بڑا چیلنج الیکٹرانک ووٹنگ مشینز کی مطلوبہ تعداد کی عدم دستیابی کا درپیش ہے اس ضمن میں وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کی خدمات لی جا سکتی ہیں، دوسرے آپشن میں موبائل فون پر میسجز کے ذریعے پیغام بھیج کر عوام کا جواب معلوم کیا جا سکتا ہے جبکہ تیسرے آپشن میں موبائل ایپلی کیشن کے ذریعے پورٹل بنا کر عوامی رائے معلوم کی جا سکتی ہے اس مقصد کے لئے پاک ایپ کا استعمال کیا جا سکتا ہے ۔ اس اہم پیشرفت کی تصدیق کرتے ہوئے وزیرمملکت برائے قانون انصاف بیرسٹر عقیل ملک نے کہا ہے کہ ریفرنڈم الیکٹرانک مشینز کے ذریعے ہونے کا امکان ہے تاہم فی الحال کوئی حتمی فیصلہ نہیں ہوا۔ دنیا نیوز کے پروگرام ٹونائٹ ود ثمر عباس میں گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر عقیل ملک نے تصدیق کی کہ خیبرپختونخوا میں گورنر راج کے دو ماہ کی مدت پوری ہونے پر 11 دسمبر سے پہلے ہر صورت پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس منعقد ہونا ہے اور امکان ہے کہ اسی اجلاس میں نئے صوبوں اور ریفرنڈم کا معاملہ بھی زیر بحث آئے ۔ بیرسٹر عقیل ملک سے جب پوچھا گیا کہ نومبر میں آئینی ترمیم کا ہدف پورا نہ ہونے پر ریفرنڈم کا فیصلہ کیا گیا اور ریفرنڈم کا انعقاد جنوری کے پہلے ہفتے میں ہو گا؟ اس سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ صوبوں کا معاملہ انتہائی سنجیدہ مسئلہ ہے اس پر کوئی ٹائم لائن نہیں دی جا سکتی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments