فٹ بال ہیروز کی دنیا

واپڈا کو قومی ٹائٹل دلانے والے گولڈ میڈلسٹ خالد محمود
کراچی (امتیاز نارنجا) انٹرنیشنل ایتھلیٹ غلام مرتضیٰ بٹ کے صاحبزادے خالد محمود بٹ 30 نومبر 1958 کو گوجرانوالہ میں پیدا ہوئے۔ گورنمنٹ ہائی اسکول گوجرانوالہ سے میٹرک کیا۔ غلام مرتضیٰ کی چھ اولادوں میں سب سے بڑے ہیں۔ خالد بٹ اپنے والد کی طرح بہترین ایتھلیٹ تھے سو اور دو سو میٹر دوڑ میں اپنے ڈسٹرکٹ اور ڈویژن کے چیمپئن بھی رہے، فٹبال سے منسلک ہونے کے بعد ایتھلیٹکس کو وقت نہ دے سکے۔ واضح رہے کہ 1982 میں گوجرانوالہ لاہور ڈویثرن کا حصہ تھا۔ اسکول کی سطح سے فٹبال کھیل کا آغاز بحیثیت رائٹ آؤٹ کیا۔ مسلسل چار سال گورنمنٹ ہائی اسکول گوجرانوالہ کے کپتان رہے۔ 14 سال کی عمر میں گوجرانوالہ کے نامور کلب الہلال میں شمولیت اختیار کی۔ بعد ازاں انڈر17 اور انڈر19 ٹیموں میں منتخب ہوئے۔1974 میں گوجرانوالہ ڈسٹرکٹ انڈر20 ٹیم کے لاہور ڈویژن کے کپتان مقرر ہوئے۔ 1977 میں پنجاب یوتھ کیلئے سلیکشن عمل میں آیا اور اسی سال پنجاب کی سینئر ٹیم کیلئے منتخب کرلئے گئے اور صرف ایک سال بعد خالد بٹ قومی ٹیم کا حصہ بن گئے۔17ماہ کے طویل کیمپ کے دوران انہیں پاکستان واپڈا سے کھیلنے کی پیشکش ہوئی۔ پہلا ٹورنامنٹ گورنر گولڈ کپ پشاور میں کھیلا اور واپڈا کیلئے فاتح ٹرافی حاصل کی۔ بعد ازاں آل پاکستان جمعہ خان کھوڑو، آل پاکستان حبیب بینک گولڈ کپ کراچی، گورنر گولڈ کپ کوئٹہ، آل پاکستان طہماس خان پشاور و دیگر آل پاکستان ٹورنامنٹ مں واپڈا کی نمائندگی کی۔ شاندار کارکردگی کی بدولت انہیں پاکستان واپڈا کا کپتان بنا دیا گیا۔ 1981 میں 14ویں کنگز کپ تھائی لینڈ میں شرکت کرنے والی قومی ٹیم کیلئے انتخاب عمل میں آیا اور برما، ملائشیا، سنگاپور اور چین کیخلاف شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ پاکستان اپنے پول میں تیسری پوزیشن پر رہا۔ 1982 میں کراچی میں منعقدہ قائد اعظم انٹرنیشنل ٹورنامنٹ میں پاکستان بلیوز کی میں شامل ہوئے اس ٹورنامنٹ میں پاکستان سینئر، بنگلہ دیش، نیپال، چین ، اومان اور ایران کیخلاف کھیلے۔1984میں 28ویں مردیکا کپ فٹبال ٹورنامنٹ بمقام کوالالمپور کیلئے بھی خالد بٹ کا انتخاب کیا گیا۔ 18ویں ایشین کپ کولکتہ کوالیفائنگ راؤنڈ کیلئے بھی خالد بٹ کا چناؤ ہوا۔ 1989میں سیف گیمز اسلام آباد ان کا آخری انٹرنیشنل ٹورنامنٹ ثابت ہوا جہاں پاکستان کو فٹبال کے کسی ایونٹ میں پہلی بار گولڈ میڈل حاصل ہوا۔ خالد بٹ کا شمار ان خوش قسمت فٹبالرز میں ہوتا ہے کہ انہوں نے بحیثیت کپتان اور کوچ پاکستان واپڈا کیلئے قومی چیمپئن شپ جیتنے کا منفرد کارنامہ انجام دیا۔ 1983میں پاکستان واپڈا نے خالد بٹ کی قیادت میں لاہور میں حبیب بینک کو شکست دے کر پہلی مرتبہ قومی چیمپئن شپ جیتی اور بحیثیت کوچ 2004، 2007، 2008 اور 2010 میں پاکستان واپڈا نے قومی ٹائٹل اپنے نام کیا۔