فٹ بال ہیروز کی دنیا
ذوالفقار شاہ جنہوں نے دو ٹیموں کو قومی چیمپئن بنایا
ذوالفقار شاہ کا شمار ان کھلاڑیوں میں ہوتا ہے جس نے دو مختلف اداروں کی ٹیموں کی جانب سے کھیلتے ہوئے ہوئے انہیں قومی چیمپئن بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔ مبارک شاہ کا یہ ہونہار فرزند 25نومبر 1980کو جیکب آباد میں پیدا ہوا اور گورنمنٹ ڈگری کالج سے انٹر کا امتحان پاس کیا۔1994میں بحیثیت اسٹرائیکر فٹبال کھیل کا آغاز حسین بلوچ فٹبال کلب سے کیا۔ بعد ازاں 1996 میں جیکب آباد کے مشہور کلب شہید عبدالرحمن ایف سی میں شمولیت اختیار کرلی اور اب تک اس ٹیم کا حصہ ہیں۔ پہلی مرتبہ 1998میں سندھ گورنمنٹ پریس کے لئے لیگ اور حبیب بینک گولڈ کپ کھیلا اور اپنے عمدہ کھیل کی بدولت ساتھی کھلاڑی خدا بخش کے ہمراہ الائیڈ بینک جوائن کرلی۔ 1999 میں بیالیسویں قومی چیمپئن شپ کراچی کے پیپلز اسٹیڈیم میں کھیلی۔ قاضی اشفاق مرحوم ان کے آئیڈیل کھلاڑی تھے جب کہ جیکب آباد کے احمد نواز پٹھان کو کا کھیل بھی انہیں بے حد پسند تھا۔ پاکستان کے موجود رکن فیڈریشن علی بہار بروہی نے انہیں صحیح معنوں میں متعارف کرایا بعد ازاں استاد حیدر انہیں کراچی لے آئے اور یہاں سے انہیں بام عروج ملا۔ 1998میں جب قومی ٹیم کیلئے ان کا انتخاب ہوا تو بنگلور، بھارت میں مالدیپ کے خلاف انہوں نے پہلا انٹرنیشنل گول کرنے کا اعزاز حاصل کیا۔ اسی سال وہ ایشین 19چیمپئن شپ کے کوالیفائر جو پشاور میں کھیلے گئے، میں مالدیپ اوربھارت کیخلاف کھیلے۔ پاکستان کی جانب سے ورلڈ کپ کوالیفائر، ایشین کپ کوالیفائر، اولمپکس کوالیفائر، سیف گیمز، سیف چیمپئن شپ و دیگر ٹورنامنٹ کھیلنے کیلئے بنگلور، کوریا، سنگاپور، سری لنکا، نیو دہلی، یواے ای، بنکاک، مالدیپ، بھوٹان، نیپال، قازقستان اورکویت گئے۔ پاکستان واپڈا سے اچھی پیشکش موصول ہوئی تو انہوں نے بہتر مستقبل کے خاطر ذرا دیر نہ لگائی اور اپنے بہترین دوست خدا بخش کے ہمراہ پاکستان واپڈا میں شمولیت اختیار کرلی۔ دونوں کھلاڑیوں کی شاندار رفاقت نے ماضی میں سندھ گورنمنٹ پریس، الائیڈ بینک اور واپڈا کو کئی سنسنی خیز میچز جتوانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ ذوالفقار شاہ نے قومی یوتھ چیمپئن شپ میں بھی حصہ لیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments