حکومت ملک میں فٹ بال کی ترقی نہیں چاہتی،اعظم خان
فٹبال ہائوس خالی کرائے اور دہشتگردوں کیخلاف کارروائی کرے ، ڈی ایف اے حیدرآباد
حیدرآباد(نامہ نگار)ڈسٹرکٹ فٹ بال ایسوسی ایشن حیدر آباد کا ایک ہنگامی اجلاس سابق سیکریٹری سندھ فٹ بال ایسوسی ایشن اعظم خان کے زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں فٹ بال ہائوس لاہور کے واقعے کی سخت الفاظوں میں مذمت کی گئی۔ اجلاس میں عبدالوحیدشیخ، ذاکر دیسوالی، زاہد خان، ایوب قریشی، چاچا رضا اللہ، انٹرنیشل کھلاڑی انیس اور راشد صدیقی نے شرکت کی ۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اعظم خان نے الزام لگاتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب نے کرنل فراست علی اور حافظ سلمان بٹ کی قیادت میں مسلح دہشت گردوں نے نوجوان اور معصوم فٹبالرز کے مستقبل پر شب خون مار کر فیفافٹ بال ہائوس پر قبضہ کرلیا اور موقع پر موجودہ عہدیداران ، خواتین اور سیکیورٹی گارڈز کو تشدد کا نشانہ بنایا اور یہ سب کچھ پنجاب اور وفاقی حکومت کی آشیر باد سے ہوا کیونکہ وہ نہیں چاہتے کہ پاکستان میں فٹبال ترقی کرے ۔ انہوں نے مزید بتایا کہ لاہور ہائی کورٹ کے واضح فیصلے کے باوجود حافظ سلمان بٹ اور فراست علی نے کھلم کھلا غنڈہ گردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے فٹ بال ہائوس پر قبضہ کیا۔ حافظ سلمان بٹ جن پر فیفانے ملکی فٹ بال میں حصہ لینے پر پابندی عائد کی ہوئی ہے جس کی بنیادی وجہ کرپشن اور اقربا پروری تھی لیکن اس کے باوجود وہ حکومتی ایماء پر پولیس کی مدد سے دہشت گردی پھیلا رہے ہیں ۔ اس طرح کے واقعات جاری رہے تو یہ پاکستان میں فٹبال کیلئے تباہی کا باعث ہوگا اور خدشہ ہے کہ فیفا اور اے ایف سی فٹ بال فیڈریشن میں مداخلت کرنے پر پاکستان پر عالمی فٹ بال کے دروازے بند نہ کردے جو کسی طور پر ملکی مفاد میں نہیں ہوگا۔ پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے صدر فیصل صالح حیات کی پاکستان میں فٹ بال کے حوالے سے کاوشیں قابل ستائش ہیں جن کی بدولت فٹ بال کا کھیل نوجوانوں میں تیزی سے جگہ بنارہا ہے۔