قومی کرکٹ ٹیم کا حصہ بننے کیلئے ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنا لازمی قرار

قومی کرکٹ ٹیم کا حصہ بننے کیلئے ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنا لازمی قرار

لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان کرکٹ بورڈ نے قومی کرکٹ ٹیم کا حصہ بننے کیلئے ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنا لازمی قراردے دیا جبکہ ملک میں ڈومیسٹک کرکٹ کو مضبوط بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔

 چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کی زیر صدارت نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہورکے بورڈ روم میں 3 گھنٹے طویل اجلاس ہوا، اجلاس میں ڈومیسٹک کرکٹ نظام کو مضبوط بنانے کا فیصلہ کیا گیا اور چیئر مین پی سی بی نے کوالٹی ڈومیسٹک کرکٹ کو فروغ دینے کے پلان کی اصولی منظوری بھی دی۔اجلاس میں کوالٹی ڈومیسٹک کرکٹ کے فروغ کے لئے سفارشات اور تجاویز پر غور کیا گیا، اور فیصلہ کیا گیا کہ کھلاڑیوں کو قومی ٹیم میں شمولیت کے لئے ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنا ہو گی جبکہ ڈومیسٹک کنٹریکٹ پر نظر ثانی کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ چیئرمین پی سی بی کی زیر صدارت اجلاس میں ڈومیسٹک کرکٹ کے لئے کوچنگ کا معیار بہتر بنانے کا فیصلہ بھی کیا گیا اور اس ضمن میں ڈومیسٹک کرکٹ کے کوچز کی ٹریننگ کے لئے ماسٹر کوچ کو تعینات کیا جائے گا۔ چیرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا کہ کوالٹی ڈومیسٹک کرکٹ کو ہر سطح پر پرموٹ کیا جائے گا اور کلب لیول سے نیشنل لیول تک تسلسل کے ساتھ ٹورنامنٹس کا انعقاد کرایا جائے گا۔ بہترین کوچز نئے ٹیلنٹ کی ٹریننگ کرکے صلاحیتوں میں نکھار لائیں گے ۔

کارکردگی، فٹنس اور میرٹ پر کھلاڑیوں کا انتخاب کیا جائے گا اور اس پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ان کا کہناتھاکہ نئے ٹیلنٹ کو سامنے لانے کے لئے ہنگامی بنیادوں پر کام کرنا ہوگا، نئے ٹیلنٹ پر سرمایہ کاری سے کرکٹ کو نچلی سطح پر فروغ ملے گا اور کوالٹی ڈومیسٹک کرکٹ کے فروغ سے انٹرنیشنل کرکٹ سے گیپ کو کم کرنے میں مدد ملے گی۔ اجلاس میں بھارت، آسٹریلیا، انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے ڈومیسٹک کرکٹ کے ڈھانچے کے خدوخال کا بھی جائزہ لیا گیا اور محسن نقوی کی ہدایت پر کوالٹی ڈومیسٹک کرکٹ کے فروغ کے لئے تینوں فارمیٹس کے ٹورنامنٹس کرانے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں