ویمن ایشیا کپ :سری لنکا کی ملائیشیا کو 144رنز سے شکست

ویمن ایشیا کپ :سری لنکا کی ملائیشیا کو 144رنز سے شکست

دمبولا(سپورٹس ڈیسک )ویمن ایشیا کپ میں چماری اتھاپتھو کی سنچری کی بدولت سری لنکا نے ملائیشیا کو 144 رنز کے بھاری مارجن سے شکست دے کر گروپ بی میں ٹاپ پوزیشن حاصل کرلی

۔دمبولا میں کھیلے گئے ویمن ایشیا کپ کے ساتویں میچ میں سری لنکا نے ملائیشیا کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کی۔سری لنکا ویمن کی پہلی وکٹ تو جلد گری لیکن کپتان چماری اتھاپتھو نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے دوسری وکٹ پر ہرشیتھا کے ساتھ 64 رنز کی شراکت لگائی۔ہرشیتھا 26 رنز بنا کر ساتھ چھوڑ گئیں جبکہ چماری اتھاپتھو کی جارحانہ بیٹنگ جاری رہی۔ انہوں نے 69 گیندوں پر ویمنز ایشیا کپ ٹی ٹونٹی کی پہلی سنچری سکور کی۔چماری کی اننگز میں سات چھکے اور 14 چوکے شامل تھے ۔ کپتان نے تیسری وکٹ پر انوشکا سماراوکرما کے ساتھ 115 رنز کی پارٹنرشپ بھی قائم کی۔انوشکا 31 رنز بنا کر آؤٹ ہوئیں جبکہ کپتان چماری اتھاپتھو 119 رنز بناکر ناقابل شکست رہیں۔جواب میں ملائیشین ٹیم کی اننگز ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور پوری ٹیم 19.5 اوورز میں 40 رنز بنا کر ڈھیر ہوگئی۔ایلسا ہنٹرہی ڈبل فیگر میں داخل ہو پائیں جبکہ دس ملائیشین پلیئرز سنگل ہندسے کو عبور نہ کرسکیں اور چار کھلاڑی تو کھاتہ بھی نہ کھول سکیں۔فاتح ٹیم کی شاشنی گمہانی نے تین جبکہ کویشا دلہاری اور کاویا کوندی نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔کپتان چماری اتھاپتھو عمدہ بیٹنگ پرفارمنس پر پلیئر آف دی میچ قرار پائیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں