چک 101پندرہ ایل کا ’’روسی ٹریکٹر‘‘
میاں چنوں (سپورٹس ڈیسک )اولمپکس میں جیولین تھر و مقابلوں میں گولڈمیڈل جیتنے والے ارشد ندیم کا تعلق میاں چنوں کے نواحی گاؤں چک 101 پندرہ ایل سے ہے ، ان کے والد راج مستری ہیں ۔
قومی ایتھلیٹ کے شاہد ندیم نے عالمی خبررساں ادارے سے گفتگوکرتے ہوئے بتایاکہ ارشد کو ہم گاؤں میں ’’روسی ٹریکٹر‘‘بلاتے ہیں کہ اللہ نے اس میں بہت طاقت رکھی ہے ،باقی جتنے بھی ٹریکٹر ہوتے ہیں ان سب کی وزن کھنچنے کی ایک حد ہوتی ہے مگر روسی ٹریکٹر کی کوئی حد نہیں ہوتی، اس کے پیچھے جتنا بھی وزن لگا دو وہ کھینچ کر لے جاتا ہے ۔ارشد نے اولمپکس میں روسی ٹریکٹر کی مثال کی دوبارہ یاد دلا دی کہ میں روسی ٹریکٹر ہوں، میں نے ایسا زور لگانا ہے اور پاکستان کے لئے اولمپکس میڈل کھینچ کر لے آنا ہے ۔انہوں نے بتایاکہ مجھے یہ امید تھی کہ بھائی گولڈ میڈل لے گا لیکن یہ نہیں سوچا تھا کہ وہ تاریخ بھی رقم کرے گا۔پاکستان ایتھلیکٹس فیڈریشن کے سابق صدر میجر جنرل اکرم ساہی نے بتایاکہ ارشدندیم 7 سال قبل دیسی روٹی کھانے کے شوق میں ماریشس سے 6 ماہ پہلے ہی ٹریننگ کیمپ ادھورا چھوڑ کر وطن واپس آگئے تھے ،انہوں نے وہاں سے فون کرکے کہاتھاکہ کھانے کا مزا نہیں آرہا مجھے واپس بلالیں ،پھر ایک بار انہیں ٹریننگ کیلئے باہر بھیجنے کا انتظام کرایا اور ان کی اہلیہ کو بھی ساتھ بھیجنے کا کہا مگر بیٹے کی پیدائش کی وجہ سے وہ نہیں جاسکیں، ارشد وہاں بھی مطمئن نہیں تھے ۔