چار روزہ میچ ،سری لنکا اے کے دوسری اننگز میں 9وکٹوں پر 364رنز
راولپنڈی (سپورٹس رپورٹر ) سری لنکا اے نے پاکستان شاہینز کے خلاف پہلے چار روزہ میچ کی دوسری اننگز میں 9وکٹوں پر 364رنز بنا لیے ۔
اس طرح اسے میزبان ٹیم پر 221رنز کی مجموعی برتری حاصل ہوگئی ۔ کپتان پاسندو سوریا بندارا ، اہان وکرما سنگھے ، پون رتنائیکے ، ونوجا ساہن اور سونل دنوشا نے نصف سنچریاں سکور کیں۔خرم شہزاد نے 70رنز دے کر 4وکٹیں حاصل کی ہیں۔راولپنڈی سٹیڈیم میں میچ کے تیسرے دن سری لنکا اے نے 77رنز ایک کھلاڑی آؤٹ پر دوسری اننگز شروع کی تاہم 10رنز کے اضافے پر اس کی دوسری وکٹ گرگئی جب دھنن جایا 28رنز بناکر کاشف علی کی گیند پر روحیل نذیر کے ہاتھوں کیچ ہوگئے ۔ اہان وکرما سنگھے بھی اپنے گزشتہ روز کے سکور 48میں صرف 5رنز کا اضافہ کرکے خرم شہزاد کی گیند پر حیدر علی کے ہاتھوں کیچ ہوگئے ۔87کے مجموعی سکور پر دو وکٹیں گرنے کے بعد کپتان پاسندو سوریا بندارا اور پون رتنائیکے نے نصف سنچریاں سکور کرتے ہوئے چوتھی وکٹ کی شراکت میں 126رنز کا اضافہ کیا۔رتنائیکے 6چوکوں اور 2چھکوں کی مدد سے 60رنز بناکر رمیز عزیز کی گیند پر آؤٹ ہوئے ۔ خرم شہزاد نے ایک ہی اوور میں کپتان سوریا بندارا اور وشاد رندیکا کو آؤٹ کردیا۔ سوریا بندارا نے 64رنز سکور کیے ۔ رندیکا کوئی رن نہ بناسکے ۔ سونل دنوشا اور ونوجا ساہن نے آٹھویں وکٹ کی شراکت میں 130رنز کا اضافہ کرکے اپنی ٹیم کی پوزیشن بہتر کی۔ ساہن 73رنز کی اننگز کھیل کر محمد سلیمان کی گیند پر آؤٹ ہوئے جنہوں نے وجے سندرا کی وکٹ بھی حاصل کی۔ دنوشا 62 رنز بناکر ناٹ آؤٹ ہیں۔