شاہینز کیخلاف سری لنکا اے کے 8 وکٹوں پر 293 رنز

 شاہینز کیخلاف سری لنکا اے کے 8 وکٹوں پر 293 رنز

راولپنڈی(سپورٹس رپورٹر)سری لنکا اے نے سونال دنوشا کی ذمہ دارانہ بیٹنگ کے سبب پاکستان شاہینز کے خلاف دوسرے چار روزہ میچ کے پہلے دن اپنی پہلی اننگز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 293 رنز بنالیے تھے ۔

سونال دنوشا 81 رنز پر ناٹ آئوٹ ہیں اور وہ تین نصف سنچری پارٹنرشپس میں شریک رہے ،پہلے دن کی خاص بات خرم شہزاد کی چھ وکٹوں کی عمدہ کارکردگی تھی۔راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کپتان محمد ہریرہ نے ٹاس جیت کر سری لنکا اے کو بیٹنگ دی لیکن اس کی 5 وکٹیں صرف 35 رنز پر گرگئیں، یہ پانچوں وکٹیں خرم شہزاد نے حاصل کی تھیں۔ پون رتنائیکے نے سونال دنوشا کے ساتھ چھٹی وکٹ کی شراکت میں 59 رنز کا اضافہ کیا ۔ یہ شراکت بھی خرم شہزاد نے رتنائیکے کو35 کے انفرادی سکور پر آئوٹ کرکے ختم کردی۔ دنوشا اور دنورا کالو پہانا نے ساتویں وکٹ کی شراکت میں56 رنز بنائے ۔کالوپہانا 30 رنز بناکر احمد صفی عبداللہ کی گیند پر آئوٹ ہوئے ۔دنوشا نے ونوجا ساہن کے ساتھ آٹھویں وکٹ کے لیے 98 رنز کی ایک اور اہم شراکت قائم کی۔ ساہن 63 رنز بناکر احمد صفی کی دوسری وکٹ بن گئے ۔ دنوشا 169 گیندوں پر 81 رنز بناکر کریز پر موجود ہیں ۔ دنوشا اور وجے سندرا کے درمیان نویں وکٹ کی شراکت میں45 رنز بن چکے ہیں۔ خرم شہزاد نے 30 رنز دے کر 6 وکٹیں حاصل کیں، انہوں نے پہلے چار روزہ میچ میں بھی عمدہ بالنگ کرتے ہوئے پہلی اننگز میں چار اور دوسری اننگز میں پانچ وکٹیں حاصل کی تھیں۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں