پاکستان نے زمبابوے کو ہرا کر ون ڈے سیریز جیت لی
بلاوائیو(سپورٹس ڈیسک )سیریز کے تیسرے اور فیصلہ کن ون ڈے میچ میں پاکستان نے زمبابوے کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 99 رنز سے شکست دے کر پہلے میچ میں ناکامی کے باوجود شاندار کم بیک کرتے ہوئے سیریز 1-2 سے جیت لی۔
بلاوائیو میں کھیلے جانے والے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کی ، صائم ایوب اور عبداللّٰہ شفیق نے اننگز کا آغاز کیا اور 58 رنز تک پہنچایا جہاں صائم ایوب 31 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوگئے ۔ قومی ٹیم کی دوسری وکٹ 23ویں اوور میں 112 رنز پر گری جب عبداللّٰہ شفیق 50 رنز بنا کر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوئے ۔پاکستان کی تیسری وکٹ 39.2 اوورز میں 201 رنز پر گری، محمد رضوان 37 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوئے ۔ قومی ٹیم کی چوتھی وکٹ 44.3 اوورز میں 232 رنز پر گری، کامران غلام 103 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے ۔ انہوں نے 4 چھکوں اور 10 چوکوں کی مدد سے سنچری بنائی۔پاکستان کی پانچویں وکٹ 47.3 اوورز میں 273 رنز پر گری، سلمان آغا 30 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ چھٹی وکٹ 48.4 اوورز میں 283 رنز پر گری، عرفان خان 3 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے ۔اس طرح قومی ٹیم مقررہ اوورزمیں 303 رنزبناسکی ،ہدف کے تعاقب میں زمبابوے کی ٹیم خاطر خواہ کارکردگی کا مظاہرہ نہ کرسکی اور پوری ٹیم 41ویں اوور میں 204 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ کامران غلام کومین آف دی میچ قراردیاگیا جبکہ صائم ایوب کوپلیئر آف دی سیریزقراردیاگیا۔قومی ٹیم کے کپتان محمد رضوان نے میچ کے بعدگفتگوکرتے ہوئے کہا کہ ون ڈے سیریز جیتنے پر فخر ہے ، عوام کی ہم سے بہت زیادہ توقعات ہیں ، ہم نے کبھی میچ کی صورتحال اور حالات کا دبا ؤنہیں لیا، ہم پروفیشنل کرکٹرز ہیں اور ہمیں ہر کنڈیشنز میں پرفارم کرنا ہوتا ہے ۔ ادھر وزیراعظم محمد شہباز شریف نے زمبابوے کے خلاف سیریز میں فتح پر قومی ٹیم کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ قومی ٹیم نے شاندار کھیل پیش کر کے پوری قوم کی دل جیت لئے ۔امید ہے کامیابیوں کا یہ سلسلہ جاری رہے گا۔