چیمپئنزکپ :سٹالینزسے ڈولفنز، پینتھرز نے مارخورزکوہرادیا

چیمپئنزکپ :سٹالینزسے ڈولفنز، پینتھرز نے مارخورزکوہرادیا

راولپنڈی(سپورٹس رپورٹر) بحریہ ٹاؤن چیمپئنز ٹی ٹونٹی کپ میں جمعہ کے روز کھیلے گئے میچوں میں الائیڈ بینک سٹالینز نے اینگرو ڈولفنز کو 5 رنز سے ہرادیا۔

سٹالینز کی یہ تیسری کامیابی اور ڈولفنز کی مسلسل چوتھی شکست ہے جبکہ دوسرے میچ میں لیک سٹی پینتھرز نے یوایم ٹی مارخورز کو 6وکٹوں سے شکست دیدی۔ یہ پینتھرز کی دوسری کامیابی اور مارخورز کی پہلی شکست ہے ۔ پنڈی سٹیڈیم میں کھیلے گئے پہلے میچ میں سٹالینزنے 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے 190 رنز سکور کئے ۔اینگرو ڈولفنز جواب میں 9 وکٹوں پر 185 رنز تک پہنچ پائی ۔ سٹالینز کی اننگز میں یاسر خان 36 معاذ صداقت 23 اور کپتان حارث 7 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جس کے بعد حسین طلعت اور محمد محسن نے چوتھی وکٹ کی شراکت میں 109رنز کا اضافہ کیا۔ حسین طلعت نے 57 رنز سکور کیے اور آؤٹ نہیں ہوئے ۔ محمد محسن نے جارحانہ انداز میں کھیلتے ہوئے 55 رنز سکور کیے ۔ ڈولفنز کی اننگز میں صاحبزادہ فرحان نے 59 رنز بنائے ۔ محمد محسن پلیئر آف دی میچ قرار پائے ۔ دوسرے میچ میں یوایم ٹی مارخورز نے 20 اوورز میں 8 وکٹوں پر 163 رنز بنائے اور لیک سٹی پینتھرز نے ہدف 18.5 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔مارخورز کی طرف سے سعد مسعود 63 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے ۔ پینتھرز کی اننگز میں کپتان حیدرعلی نے 62 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے اور پلیئر آف دی میچ قرار پائے ۔ آج آرام کا دن ہے اورکل اتوار کو دو میچز کھیلے جائیں گے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں