چیمپئنز ٹرافی :بھارتی میڈیا سیخ پا، اپنے ہی بورڈ پر برس پڑا
ممبئی (سپورٹس ڈیسک )چیمپئنز ٹرافی 2025 کے معاملے کے حل کے لیے ہونے والے فیصلوں پر بھارتی میڈیا اپنے ہی بورڈ پر برس پڑا۔
بھارتی میڈیا پی سی بی کی شرائط تسلیم کرنے پر بی سی سی آئی پر سخت تنقید کر رہا ہے ۔بھارتی میڈیا کے مطابق آئی سی سی بورڈ میٹنگ میں چیمپئنز ٹرافی کے معاملے کے حل کے لیے جو قرارداد پیش ہوئی اس میں سہ فریقی سیریز بھی شامل تھی۔ آئی سی سی کا پاکستان کی تجویز کردہ سہ فریقی سیریز پر اعتراض نہ کرنا بھی بھارتی میڈیا کو نہ بھایا۔ایک میڈیا آؤٹ لیٹ نے یوں تنقید کی کہ آئی سی سی کون ہوتا ہے کہ جو سہ فریقی سیریز کی بات کرے ، آئی سی سی کیسے کہہ سکتا ہے کہ اسے اعتراض نہیں۔ یہ بورڈز پر منحصر ہے ، کیونکہ سہ فریقی سیریز آئی سی سی کے دائرہ اختیار میں نہیں آتی۔بھارتی میڈیا میں رپورٹ ہوا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے وہ مطالبہ کیا جو بھارتی سرکار کے خلاف جاتا ہے ۔ بھارتی حکومت کو پاگل بنایا ہے ، بھارتی بورڈ سہ فریقی سیریز پر کیسے مان گیا؟ اس نے کیوں اعتراض نہیں کیا؟ بھارت جب باہمی سیریز نہیں کھیلتا تو یہ کیسے مان لیا گیا؟ کیا بھارتی حکومت کا موقف تبدیل ہوگیا؟ اگر موقف تبدیل نہیں ہوا تو پھر بھارتی بورڈ نے کیوں خیال نہیں رکھا؟، ہمارا سوال یہ ہے کہ اتنے سال آپس میں کھیلنے پر منع کیوں کیا گیا؟ چیمپئنز ٹرافی کے معاملے کے حل کے لیے ضروری تو نہیں تھا کہ جو پاکستان نے کہا اس کو قراردار کا حصہ بنایا جائے ۔ چیمپئنز ٹرافی کے معاملے کے حل میں پاکستان خالی ہاتھ نہیں رہا۔