ٹیسٹ چیمپئن شپ کا فائنل ،بھارت کا اگرمگر’’ناممکن ‘‘
میلبورن (سپورٹس ڈیسک )میلبورن میں کھیلے گئے چوتھے ٹیسٹ میچ میں آسٹریلیا نے بھارت کو 184 رنز سے شکست دی۔۔
شکست کے بعد بھارتی ٹیم کی ٹیسٹ چیمپئن کے فائنل میں رسائی اگر مگر کی صورتحال پر پہنچ گئی ہے اور یہ ایسا اگرمگر ہے جوممکن نظر نہیں آتا۔اس وقت آسٹریلیا کو پانچ ٹیسٹ میچز کی سیریزمیں دو ایک کی برتری حاصل ہے ۔آسٹریلیا اور بھارت کے درمیان پانچ ٹیسٹ میچز کی سیریز کا آخری ٹیسٹ 3 جنوری سے سڈنی میں شروع ہوگا۔میلبورن ٹیسٹ میچ میں شکست کے بعد بھارتی ٹیم چیمپئن شپ کے پوائنٹس ٹیبل پر تیسرے نمبر پر پہنچ گئی ہے اور ان کے پوائنٹس 52.78 ہیں جبکہ آئندہ سال لارڈز میں کھیلے جانے والے فائنل میں بھارت کی رسائی اب بھی ممکن ہے ۔اگر بھارت کو فائنل میں پہنچنا ہے تو آسٹریلیا کو سڈنی میں 3 جنوری سے کھیلے جانے والے پانچویں ٹیسٹ میں لازمی شکست دینا ہوگی۔علاوہ ازیں گال میں جنوری میں آسٹریلیا اور سری لنکا کے درمیان ٹیسٹ سیریز کھیلی جائے گی، اگر سری لنکا نے آسٹریلیا کو 2-0 یا 1-0 سے شکست دی تو بھارت چیمپئن شپ کے فائنل میں پہنچ سکتی ہے ۔اگر سری لنکا آسٹریلیا کو شکست دیتی ہے تو بھارت کے پوائنٹس 55.26 ہوجائیں گے جبکہ آسٹریلیا کے پوائنٹس کی تعداد 53.51 ہوجائے گی جبکہ سری لنکا 53.85 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر موجود ہوگا۔بھارت نے سڈنی ٹیسٹ میں آسٹریلیا کو شکست دی اور آسٹریلیا نے سری لنکا کو ایک ٹیسٹ میچ بھی ہرا دیا تو بھارت کا سفر تمام ہوجائے گا۔واضح رہے کہ جنوبی افریقہ کی ٹیم پاکستان کو سنچورین ٹیسٹ میں شکست دے کر پہلے ہی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل میں جگہ بناچکی ہے ۔