پاک جنوبی افریقہ دوسرا ٹیسٹ آج سے شروع
کیپ ٹاؤن(سپورٹس ڈیسک )پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان دوسرا ٹیسٹ میچ آج سے نیو لینڈز کیپ ٹاؤن میں شروع ہو گا۔
25 ہزار نشستوں والے کیپ ٹاؤن کے اس سٹیڈیم سے متعلق ایک عام تاثر یہ ہے کہ جنوبی افریقہ کے دیگر ٹیسٹ سینٹرز کے برعکس یہا ں پِچ پر سپنرز مؤثر ثابت ہوتے ہیں،البتہ دلچسپ امر یہ ہے کہ اس میدان پر سب سے زیادہ ٹیسٹ وکٹیں لینے والوں میں پہلے 8 بولرز فاسٹ بولنگ کے شعبے سے وابستہ ہیں۔نیو لینڈز کیپ ٹاؤن میں اولین ٹیسٹ مارچ 1889ء میں میزبان جنوبی افریقہ اور انگلینڈ کے درمیان کھیلا گیا تھا،یہ ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ کا 32 واں ٹیسٹ میچ تھا جہاں انگلینڈ نے اننگز اور 202 رنز سے فتح حاصل کی تھی۔کیپ ٹاؤن میں آخری ٹیسٹ جنوری 2024ء میں کھیلا گیا جہاں بھارت کی ٹیم نے جنوبی افریقہ کو 7 وکٹ سے شکست دی تھی۔کیپ ٹاؤن میں اب تک 60 ٹیسٹ کھیلے جا چکے ہیں جہاں جنوبی افریقہ 27 میں کامیاب رہا اور 22 ٹیسٹ اس کی ناکامی پر ختم ہوئے جبکہ 11 ٹیسٹ ڈرا ہوئے ۔دوسری جانب پاکستان نے کیپ ٹاؤن میں اب تک 4 ٹیسٹ کھیلے ہیں اور تمام میں اسے شکست کا سامنا کر نا پڑا ہے ۔دوسری طرف سنچورین میں پہلا ٹیسٹ 2 وکٹ سے ہارنے والی قومی ٹیم میں دوسرے ٹیسٹ کیلئے صرف ایک تبدیلی متوقع ہے ۔ اطلاعات کے مطابق ٹیم مینجمنٹ نے عامر جمال کی جگہ بائیں ہاتھ کے تیز بولر میر حمزہ کو 11 رکنی ٹیم میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔البتہ سپنرز کے لیے سازگار پچ پر قومی ٹیم میں کسی سپنر کی شمولیت کا امکان موجود نہیں ہے اور توقع ہے کہ بائیں ہاتھ کے سپنر نعمان علی کو ٹیم میں جگہ ملنا مشکل ہے کیونکہ ٹیم مینجمنٹ بطور سپنر آغا سلمان پر نگاہیں جمائے بیٹھی ہے ۔