نوجوان کوہ پیما شہروز کاشف حکومتی پذیرائی نہ ملنے پر مایوسی کا شکار
لاہور(سپورٹس ڈیسک ) 8 ہزار میٹر سے بلند تمام 14 چوٹیاں سر کرنے والے پاکستان کے کم عمر ترین کوہ پیما شہروز کاشف حکومتی پذیرائی نہ ہونے کی وجہ سے مایوسی کا شکار ہو گئے ۔۔
انہوں نے ایک ویڈیو پیغام میں کہا کہ یہ ویڈیو صدر، وزیرِ اعظم اور وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے لیے ہے اور اُمید ہے کہ اُن تک یہ ویڈیو پہنچے گی۔شہروز کاشف نے کہاکہ میں 11 برس سے کوہ پیمائی کر رہا ہوں اور یہ میرا شوق ہے ، میں ماؤنٹ ایورسٹ اور کے ٹو سمیت کئی خطرناک چوٹیاں سر کر چکا ہوں، میرا نام گینیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں بھی درج ہے ۔ حکومتِ پاکستان تمام ایتھلیٹس کی پذیرائی کر رہی ہے جو کہ اچھی بات ہے اور اب میں بھی منتظر ہوں کہ میری بھی حوصلہ افزائی کی جائے ۔ میں صدر، وزیرِ اعظم اور وزیرِ اعلی پنجاب سے مل کر اپنا سارا سفر بیان کرنا چاہتا ہوں۔ اگر میرے کارناموں کو اعلیٰ حکومتی شخصیات تسلیم کرتی ہیں تو یہ میرے لیے بہت بڑی بات ہو گی، مجھے اُمید ہے کہ میرا پیغام حکومت تک پہنچے گا۔