آئی سی سی ویمنز کرکٹ ورلڈکپ کوالیفائرز کا آج سے آغاز
لاہور(سپورٹس ڈیسک ) آئی سی سی ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ کوالیفائر کا میلہ آج سے لاہور میں سجے گا جس میں پاکستانی ٹیم کوالیفائنگ راؤنڈ کے پہلے میچ میں آئرلینڈ سے مدمقابل ہوگی۔۔
میچ قذافی سٹیڈیم میں صبح ساڑھے 9 بجے شروع ہوگا، سنگل لیگ کی بنیاد پر ہونے والے اس ٹورنامنٹ سے دو ٹیمیں آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ کیلئے کوالیفائی کریں گی ۔قومی ٹیم کی قیادت کرنیوالی فاطمہ ثنا نے کہاہے کہ آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ کوالیفائر کی میزبانی پر پوری ٹیم بہت خوش اور پرجوش ہے ۔ اچھی کرکٹ کھیل کر ورلڈ کپ کیلئے کوالیفائی کرنا ہماری اولین ترجیح ہے ، تمام کھلاڑیوں نے سخت محنت کی ہے اور ٹریننگ سیشنز بہت اچھے رہے ،ادھر پاکستان کرکٹ بورڈ نے شائقین کے لئے قذافی سٹیڈیم کے تمام میچز کیلئے داخلہ فری کر دیا ہے ، قذافی سٹیڈیم میں مجموعی طور پر 8میچ کھیلے جائیں گے ،دوسری طرف محکمہ داخلہ نے آئی سی سی ویمن کرکٹ ورلڈ کپ کوالیفائر کی سکیورٹی کیلئے آرمی اور رینجرز کے دستے طلب کر لئے ہیں،ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق فول پروف سکیورٹی کیلئے لاہور میں رینجرز کے 1 ونگ اور آرمی کی 2 کمپنیوں کی خدمات طلب کی گئی ہیں۔