سری لنکا اور بنگلہ دیش کا پہلا ٹیسٹ میچ بغیر کسی نتیجے کے ختم

گال (سپورٹس ڈیسک ) سری لنکا اور بنگلہ دیش کے درمیان گال انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا گیا سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ بغیر کسی نتیجے کے ختم ہو گیا۔
پانچ روزہ میچ کے آخری دن بنگلہ دیش نے اپنی دوسری اننگز 285 رنز 6 کھلاڑی آٹ پر ڈکلیئر کر دی اور پہلی اننگز میں حاصل ہونے والی 10 رنز کی برتری کے باعث سری لنکا کو فتح کے لیے 296 رنز کا ہدف دیا۔ بنگلہ دیش کی جانب سے کپتان نجم الحسن شانتو نے دوسری اننگز میں بھی شاندار سنچری سکور کی اور 125 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے ۔ مشفق الرحیم 49 رنز بنا کر رن آٹ ہوئے ۔ سری لنکا کے تھارندو رتھانائیکے نے تین وکٹیں حاصل کیں۔ ہدف کے تعاقب میں سری لنکا نے دن کے اختتام تک 4 وکٹوں کے نقصان پر 72 رنز بنائے ۔ اس طرح یہ میچ ڈرا ہو گیا۔ بنگلہ دیش کے سپنر تیج الاسلام نے تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ نجم الحسن شانتو کو دونوں اننگز میں سنچریاں بنانے پر مرد میدان قرار دیا گیا۔