پاکستانی ایتھلیٹ کا شلوار قمیض میں میراتھون مکمل کرنیکا ریکارڈ
اسلام آباد(سپورٹس رپورٹر)پاکستانی ایتھلیٹ دانش الٰہی نے روایتی شلوار قمیض میں بوسٹن میراتھون مکمل کر کے نیا گنیز ورلڈ ریکارڈ قائم کیا۔
پاکستان زندہ آباد کا نعرہ لگاتے ہوئے سرحدوں کے پار شاندار پرفارمنس کا مظاہرہ کرکے پاکستان کا نام بلند کر دیا۔ دانش الٰہی نے یہ دوڑ 3 گھنٹے 26 منٹ میں مکمل کی، جو قومی لباس میں کسی ایتھلیٹ کھلاڑی کا اب تک کا سب سے تیز ترین وقت ہے ۔اس کامیابی پر وزیر اعظم کے مشیر برائے بین الصوبائی رابطہ، رانا ثناءﷲ نے دانش الٰہی اور قوم کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ یہ چیمپئنز پاکستان کا ایک عظیم سرمایہ ہیں انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم کی خصوصی ہدایت پر وہ اور ان کی پوری ٹیم پرعزم ہیں اور سپورٹس کی ترقی کے لیے مسلسل ایسے اقدامات کر رہے ہیں جس کے نتائج بہت جلد آنا شروع ہو گئے ہیں چاہیے یہ کھلاڑیوں کی تربیت ہو یا ان کی ویلفیئر کا معاملہ ہم کسی چیز پر کمپرومائز نہیں کر رہے ۔ ، وفاقی سیکرٹری برائے بین الصوبائی رابطہ محی الدین احمد وانی نے دانش الٰہی کو ان کے شاندار کارنامے اور دنیا بھر میں پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر کرنے کی کوششوں کے اعتراف میں یادگاری سووینیئرپیش کیا۔