ون ڈے رینکنگ،بابر5سال میں پہلی بار ٹاپ 2 سے باہر

ون ڈے رینکنگ،بابر5سال میں پہلی بار ٹاپ 2 سے باہر

دبئی(سپورٹس ڈیسک)آئی سی سی نے ون ڈے اور ٹی 20 کی تازہ رینکنگ جاری کردی۔ سابق کپتان بابراعظم 2020 کے بعد پہلی بار ٹاپ ٹو سے باہر ہوگئے ہیں۔ون ڈے بیٹرز میں بھارت کے شبمن گِل پہلی پوزیشن پر برقرار ہیں۔

 بھارتی کپتان روہت شرما ایک درجہ ترقی کے بعد دوسرے نمبر پر آگئے جبکہ سابق نمبر ون بابر اعظم ایک درجہ تنزلی کے بعد تیسرے نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔بھارت کے ویرات کوہلی رینکنگ میں چوتھے نمبر پر موجود ہیں۔ آسٹریلیا کے ٹریوس ہیڈ ایک درجہ ترقی کے بعد 12ویں پوزیشن پر آ گئے ہیں۔ قومی ٹیم کے کپتان محمد رضوان ایک درجہ تنزلی کا شکار ہو کر 23 ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔آئی سی سی کی تازہ ترین ٹی ٹونٹی رینکنگ میں قومی فاسٹ بولر حارث رؤف دو درجے ترقی کے بعد 24ویں نمبر پر آگئے ، جب کہ عباس آفریدی ایک درجہ بہتری کے ساتھ 26ویں پوزیشن پر پہنچ گئے ۔ سپنر صفیان مقیم اور لیفٹ آرم فاسٹ بولر شاہین آفریدی نے بھی بہتری حاصل کی، بالترتیب 33ویں اور 34ویں پوزیشن پر آگئے ۔ رینکنگ میں نیوزی لینڈ کے جیکب ڈفی بدستور پہلے ، انگلینڈ کے عادل رشید دوسرے اور ویسٹ انڈیز کے عقیل حسین تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔بیٹنگ میں قومی سٹارز بابر اعظم اور محمد رضوان ایک ایک درجہ تنزلی کے بعد بالترتیب 18ویں اور 20ویں نمبر پر آگئے ۔ مڈل آرڈر بیٹر حسن نواز دو درجے گر کر 32ویں اور صائم ایوب 559 پوائنٹس کے ساتھ 38ویں پوزیشن پر پہنچ گئے ۔ بیٹنگ رینکنگ میں بھارت کے ابھیشیک شرما بدستور پہلے نمبر پر ہیں، آسٹریلیا کے ٹریوس ہیڈ چوتھے نمبر پر چلے گئے ، جبکہ بھارت کے تیلاک ورما دوسرے اور انگلینڈ کے فل سالٹ تیسرے نمبر پر آگئے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں