کرکٹ کے فروغ ، اے سی سی ایسوسی ایٹ ممبران کی لیگ پر اتفاق
محسن نقوی کی زیر صدارت اجلاس، رائزنگ سٹارز ایشیا کپ کے انتظامات کا جائزہ ، ایشیا کپ کی ویورز شپ و شائقین کی تعداد پر اطمینان اور مسرت کا اظہار
دبئی ( سپورٹس ڈیسک ) صدر ایشین کرکٹ کونسل محسن نقوی کی زیر صدارت اے سی سی ہیڈ کوارٹرز میں خصوصی اجلاس ہوا، جس میں رائزنگ سٹارز ایشیا کپ کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ رائزنگ سٹارز ایشیا کپ دوحہ، قطر میں 14 نومبر سے 23 نومبر تک کھیلا جائے گا، جبکہ اجلاس میں انڈر 19 پریمیئر ایشیا کپ کی تیاریوں پر بھی تفصیلی غور کیا گیا۔ اسکے علاوہ، مینز ٹی20 ایشیا کپ کے ڈیٹا کا ہر پہلو سے جائزہ لیا گیا اور ویورز شپ و شائقین کی تعداد پر اطمینان اور مسرت کا اظہار کیا گیا۔ اجلاس میں آئندہ اے سی سی ٹورنامنٹس ، نئے ٹورنامنٹس کے انعقاد اور ان کے انتظامات پر بھی غور کیا گیا۔
محسن نقوی نے نئے ٹورنامنٹس کیلئے حتمی پلان طلب کیا اور زور دیا کہ کرکٹ کے کھیل کو ایشیا کے زیادہ سے زیادہ ممالک میں فروغ دیا جائے ۔ اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ ویمنز کرکٹ کے زیادہ سے زیادہ میچز کرائے جائیں اور ایسوسی ایٹ ممبران کے درمیان لیگ منعقد کی جائے ۔ اجلاس میں اے سی سی کے سینئر عہدیداروں کے علاوہ تھوسٹ پریرا، میڈم ایشا، ایمریٹس کرکٹ بورڈ کے سبحان احمد، پی سی بی کے ایکس آفیشو ممبر سلمان نصیر اور زین عاصم بھی شریک ہوئے ۔ صدر اے سی سی نے کہا کہ ایشیا کے دیگر ممالک میں کرکٹ کے فروغ کیلئے ہر ممکن سپورٹ فراہم کی جائے گی اور آئندہ ٹورنامنٹس کے ذریعے کھیل کی مقبولیت مزید بڑھائی جائے گی۔