پاکستان تیسرے ون ڈے میں بھی کامیاب،سری لنکا وائٹ واش

پاکستان تیسرے ون ڈے میں بھی کامیاب،سری لنکا وائٹ واش

سیریز کے آخری میچ میں پاکستان نے مہمان ٹیم کا 212 رنز کا ہدف 4 وکٹوں کے نقصان پر 45ویں اوور میں حاصل کر لیا رضوان ، فخر کی نصف سنچریاِں،وزیراعظم شہباز شریف، خواجہ آصف،محسن نقوی کی مبارکباد،نیک خواہشات کا اظہار

راولپنڈی،اسلام آباد(سپورٹس رپورٹر،نامہ نگار)پاکستان نے تین میچوں کی سیریز کے آخری میچ میں سری لنکا کو چھ وکٹوں سے ہرا کر وائٹ واش کر دیا۔ راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے سیریز کے آخری میچ میں پاکستان نے مہمان ٹیم کا 212 رنز کا ہدف 4وکٹوں  کے نقصان پر 45ویں اوور میں با آسانی حاصل کر لیا۔ پاکستان کی جانب سے محمد رضوان نے ناقابل شکست 61 رنز اور حسین طلعت نے 42 رنز کی اننگز کھیل کر جیت کی راہ ہموار کی۔اوپنر بلے باز فخر زمان نے سیریز میں ایک اور ففٹی بناتے ہوئے 55 رنز اسکور کیے جب کہ دوسرے میچ میں تاریخی سنچری بنانے والے بابر اعظم 34 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے ۔وکٹ کیپر بیٹر حسیب اللہ خان 12 گیندوں کا سامنا کرنے کے باوجود کھاتہ بھی کھول نہ سکے ، جب کہ سلمان علی آغا نے صرف 6 رنز پر اکتفا کیا۔سری لنکا کی جانب سے جیفری وینڈرسے نے 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، مہیش ٹھیکشانا ایک وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب رہے ۔اس سے قبل، سری لنکا ٹیم پاکستانی باؤلرز کے سامنے جم کر بیٹنگ نہ کر سکی اور پوری ٹیم 46ویں اوور میں 211 رنز بنا کر آل آؤٹ ہوگئی۔ مڈل آرڈر بیٹر سدھیرا سمارا وکرما نے 48 رنز بنا کر پاکستانی باؤلرز کے سامنے مزاحمت کرتے دکھائی دئیے۔

کپتان کوسال مینڈس 34 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے ، کامل مشارا 29 رنز بنا کر پویلین واپس لوٹے ۔پاکستان کی جانب سے محمد وسیم جونیئر نے 47 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا انہیں پلیئر آف دی میچ جبکہ حارث رؤف کو مین آف دی سیریز قرار دیا گیا،دریں اثنا وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان کے سری لنکا کے خلاف ون ڈے سیریز جیتنے پر اظہار مسرت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے تمام کھلاڑیوں، کوچز اور مینجمنٹ بالخصوص چیئرمین پی سی بی نے جس عزم، محنت اور ٹیم سپِرٹ کا مظاہرہ کیا ہے ، وہ قابلِ فخر ہے ۔ پوری ٹیم کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہوں اور امید کرتا ہوں کہ وہ آئندہ بھی اسی جذبے اور کارکردگی کے ساتھ ملک و قوم کا نام روشن کرتے رہیں گے ۔ چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے آج کے دن کو قومی کرکٹ کے لیے فخر کا دن قرار دیا ہے ۔ایک بیان میں چیئرمین پی سی بی نے سری لنکا کے خلاف قومی ٹیم کی کلین سویپ فتح اور ایشیا کپ رائزنگ سٹارز میں بھارت کو پاکستان شاہینز کے ہاتھوں شکست پر مبارک باد دی۔ اُن کا کہنا ہے کہ سری لنکا کے خلاف ایک روزہ سیریز میں شاندار کلین سویپ پر تمام کھلاڑیوں کو مبارک باد دیتا ہوں۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں