امریکہ میں کرکٹ کی ترقی کیلئے نئے راستے تلاش کرنے پر اتفاق
پی ایس ایل چیف ایگزیکٹو سلمان نصیر کی امریکی قونصل جنرل سے ملاقات امریکی سرمایہ کاروں کی پی ایس ایل میں بڑھتی ہوئی دلچسپی پربھی تبادلہ خیال
لاہور(سپورٹس ڈیسک )لاہور میں امریکی قونصل جنرل سٹیٹسن سینڈرز سے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے چیف ایگزیکٹو سلمان نصیر کی ملاقات ہوئی،جس میں نیویارک میں ہونے والے پی ایس ایل روڈ شو کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیاگیا،ملاقات کے دوران امریکی سرمایہ کاروں کی پاکستان سپر لیگ میں بڑھتی ہوئی دلچسپی پر بھی اظہار خیال کیا گیا جبکہ قونصل جنرل سٹیٹسن سینڈرز اور سلمان نصیر نے امریکہ میں کرکٹ کی بڑھتی دلچسپی کیلئے مختلف پلانز پر غور کیا۔اس ملاقات میں امریکی قونصل جنرل سٹیٹسن سینڈرز پی ایس ایل کی ورکنگ اور اس کی بڑھتی مقبولیت کے بارے جاننے میں دلچسپی ظاہر کی جبکہ ملاقات میں امریکی قونصل جنرل سٹیٹسن سینڈرز اور سلمان نصیر کے درمیان امریکہ میں کرکٹ کی ترقی کیلئے نئے راستے تلاش کرنے پر بھی اتفاق ہوا۔