آئی سی سی کا بنگلہ دیش کیلئے 2وینیوز تجویز کرنیکا پلان
سری لنکا کے بجائے چنئی اور ترواننت پورم پر غور کیا جا رہا،بھارتی میڈیا
دبئی (سپورٹس ڈیسک)انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے ٹی 20 ورلڈ کپ میں بنگلا دیش کے میچز کیلئے بھارت ہی میں دو وینیو تجویز کرنے کا پلان تیار کرلیا۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق آئی سی سی ایک سے دو روز میں بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کی اس درخواست پر جواب دے گا جس میں بنگلہ دیش نے اپنے ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 کے میچز بھارت سے منتقل کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔ رپورٹس کے مطابق آئی سی سی بنگلہ دیش کی میچز سری لنکا منتقل کرنے کی درخواست قبول کرنے کے موڈ میں نہیں ہے اور سری لنکا کے بجائے چنئی اور ترواننت پورم کو متبادل وینیوز کے طور پر تجویز کرنے پر غور کیا جا رہا ہے۔
یاد رہے کہ بنگلہ دیش کے گروپ مرحلے کے میچز اس وقت کولکتہ اور ممبئی میں شیڈول ہیں۔ بھارتی میڈیا کے مطابق بنگلہ دیشی امپائر شرف الدولہ ثاقب نے بھارت اور نیوزی لینڈ کے درمیان پہلے ون ڈے میچ میں امپائرنگ کے فرائض انجام دئیے جب کہ ورلڈ کپ میں بھی شرف الدولہ ثاقب اور غازی سہیل کے میچ آفیشلز کے طور پر شامل ہونے کا امکان ہے ۔ آئی سی سی اس مثال کو بنگلہ دیش کے سکیورٹی خدشات کے جواب میں پیش کر سکتی ہے ۔