ہاکی کلبوں کی سکروٹنی ،پی ایچ ایف کا شیڈول مسترد،جواب طلب
اسلام آباد(سپورٹس رپورٹر)پاکستان ہاکی فیڈریشن کی جانب سے ہاکی کلبوں کی سکروٹنی کا شیڈول یکطرفہ طور پر جاری کرنے پر پاکستان سپورٹس بورڈ نے سکروٹنی شیڈول کو مسترد کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا۔
پاکستان سپورٹس بورڈ نے جاری نوٹس میں کہا ہے کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن نے سکروٹنی شیڈول پاکستان سپورٹس بورڈ سے کسی قسم کی مشاورت یا منظوری کے بغیر جاری کیا، جو قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی ہے ،پی ایچ ایف کا یکطرفہ اقدام نہ صرف سٹیک ہولڈرز میں کنفیوژن پیدا کر رہا ہے بلکہ اس سے سکروٹنی کے عمل کی شفافیت اور ساکھ بھی متاثر ہونے کا خدشہ ہے ۔ ہاکی کلبوں کی کسی بھی قسم کی سکروٹنی صرف پاکستان سپورٹس بورڈ کے دائرہ اختیار میں، اس کی نگرانی اور باہمی رابطے سے ہی عمل میں لائی جائے گی۔