امریکہ میں فیفا ورلڈ کپ ، یورپی ممالک کی بائیکاٹ پر مشاورت
گرین لینڈ سے متعلق بیانات نے امریکا میں میگا ایونٹ میں شرکت کو متنازعہ بنایا
برلن (سپورٹس ڈیسک)یورپ اور امریکا کے درمیان کشیدہ سیاسی تعلقات کے تناظر میں فیفا فٹبال ورلڈ کپ 2026 کے بائیکاٹ کے مطالبات یورپی حلقوں میں زور پکڑنے لگے ہیں۔ ڈھاکہ ٹریبیون کے مطابق سیاست دانوں، شائقین اور فٹبال منتظمین کا ماننا ہے کہ امریکا کی انتظامیہ کے حالیہ اقدامات، خصوصاً گرین لینڈ سے متعلق بیانات اور پالیسیوں نے امریکا میں منعقد ہونیوالے اس میگا ایونٹ میں شرکت کو متنازعہ بنا دیا ہے ۔ یورپی رہنماں کا کہنا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کی غیر متوقع پالیسیوں کے باعث تمام ممکنہ صورتحال کے لیے تیار رہنا ہوگا، جس میں کھیلوں کے بائیکاٹ کا آپشن بھی شامل ہے۔
ڈنمارک کے سوشل ڈیموکریٹس کے ثقافت و کھیل سے متعلق ترجمان موگنز ینسن نے کہا کہ اگر امریکا کی جانب سے گرین لینڈ کے خلاف فوجی کارروائی کا کوئی قدم اٹھایا گیا تو ایسی صورت میں ورلڈ کپ میں شرکت پر نظرثانی ناگزیر ہو جائے گی۔رپورٹس کے مطابق یورپی فٹبال کی گورننگ باڈی یوئیفا نے پیر کو رکن ممالک کی فٹبال ایسوسی ایشنز کے سربراہان کا اجلاس منعقد کیا، جرمنی میں بھی بائیکاٹ کے حوالے سے آوازیں بلند ہو رہی ہیں۔