فیفا ویمنز ورلڈ کپ،برانڈ ،لوگو اور نعرے کی نقاب کشائی
ریو ڈی جنیرو (سپورٹس ڈیسک)فٹ بال کی عالمی تنظیم فیفا نے برازیل کے شہر ریو ڈی جنیرو میں پروقار تقریب کے دوران فیفا ویمنز ورلڈ کپ 2027 کے آفیشل برانڈ، لوگو اور نعرے کی نقاب کشائی کر دی ہے۔
ریو کے مشہور ساحل کوپاکابانا پر منعقدہ اس تقریب میں فٹ بال کی دنیا کے نامور ستاروں نے شرکت کی، جس نے جنوبی امریکہ میں ہونے والے اس پہلے ویمنز ورلڈ کپ کے سفر کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے ۔ٹورنامنٹ کا باضابطہ نعرہ GO EPIC رکھا گیا ہے ، ورلڈ کپ کا نیا نشان برازیل کے قومی پرچم اور فٹ بال پچ کی جیومیٹری سے متاثر ہو کر تیار کیا گیا ہے ۔ اس ڈیزائن میں W (خواتین اور دنیا) اور M (پرتگالی الفاظ mulheres اور mundo) کا خوبصورت ملاپ دکھایا گیا ہے ، جو کھیل میں مہارت اور حرکت کی عکاسی کرتا ہے ۔تقریب میں ٹورنامنٹ کی مخصوص موسیقی بھی متعارف کرائی گئی۔