قومی ہاکی ٹیم کے پلیئرز کیلئے 115 ڈالر یومیہ الاؤنس کا اعلان

 قومی ہاکی ٹیم کے پلیئرز کیلئے 115 ڈالر یومیہ الاؤنس کا اعلان

پی ایس بی کی فنانس ڈیپارٹمنٹ کو ٹیم کی روانگی سے قبل ادائیگیوں کی ہدایت

اسلام آباد(سپورٹس رپورٹر)پاکستان سپورٹس بورڈ (پی ایس بی)نے اعلان کیا ہے کہ قومی ہاکی ٹیم کے ہر کھلاڑی کو یومیہ 115 ڈالرز الاؤنس ادا کیا جائے گا۔ پی ایس بی نے فنانس ڈیپارٹمنٹ کو ہدایت کی ہے کہ ٹیم کی روانگی سے قبل یہ ادائیگیاں جاری کی جائیں تاکہ بین الاقوامی دورے کے دوران کھلاڑیوں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل پی ایس بی محمد یاسر پیرزادہ نے کہا کہ یومیہ الاؤنس کی منظوری حکومت کی جانب سے منظور شدہ بجٹ کے مطابق دی گئی ہے اور یہ فیصلہ ایف آئی ایچ پرو لیگ میں پاکستان کی شرکت پر لاگو ہوگا۔انہوں نے کہا کہ مالی مشکلات کے باوجود پی ایس بی نے مختلف مدات سے بچنے والی رقوم کو ازسرِنو مختص کرکے غیر ملکی دورے کے لیے ادائیگیوں کا انتظام کیا تاکہ کھلاڑیوں کے لیے بہتر انتظامات یقینی بنائے جا سکیں۔قومی ہاکی ٹیم کے کپتان عماد بٹ نے اس اعلان کا خیر مقدم کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل پی ایس بی کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے ذاتی طور پر کھلاڑیوں کے تحفظات دور کیے ۔ ان کا کہنا تھا کہ اس سے قبل مختلف امور پر ہونے والی بات چیت کے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ موجودہ سرکاری بجٹ کے تحت منظور کی گئی نئی شرح مناسب ہے اور سب سے اہم بات یہ ہے کہ یومیہ الاؤنس کا مسئلہ حل ہو گیا ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں