سابق آل اؤنڈر یاسر عرفات یو اے ای کے بولنگ کوچ مقرر
لاہور(سپورٹس ڈیسک )پاکستان ٹیم کے سابق آل راؤنڈر یاسر عرفات کو آئی سی سی مینز ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ 2026 کے لیے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کرکٹ ٹیم کا بولنگ کوچ مقرر کر دیا گیا ہے ۔
ایمریٹس کرکٹ بورڈ کے مطابق 43 سالہ یاسر عرفات ورلڈ کپ کے دوران یو اے ای ٹیم کے ساتھ کام کریں گے جبکہ اس سے قبل آئرلینڈ کے خلاف شیڈول دو میچوں پر مشتمل ٹی ٹونٹی سیریز میں بھی ٹیم کی کوچنگ کر ینگے ۔ یاسر عرفات نے پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے 3 ٹیسٹ، 11 ون ڈے اور 13 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کھیلے ۔واضح رہے کہ یاسر عرفات کو کوچنگ کے شعبے میں وسیع تجربہ حاصل ہے ۔ وہ انگلش کاؤنٹی ٹیموں سسیکس اور سرے کے ساتھ کام کر چکے ہیں۔ جبکہ آسٹریلیا کی بگ بیش لیگ کی معروف فرنچائز پرتھ اسکارچرز کے بولنگ کوچ بھی رہ چکے ہیں۔اس کے علاوہ وہ پاکستان کے ہائی پرفارمنس کوچ، ہانگ کانگ قومی ٹیم کے بولنگ کوچ اور جنوبی افریقہ کے بولنگ کنسلٹنٹ کے طور پر بھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔