ورلڈ کپ مہم ، قومی دستے کا آج نیدرلینڈز سے پہلا معرکہ
پاکستانی ٹیم ٹورنامنٹ میں مضبوط اور متوازن سکواڈ کیساتھ شریک،تجربہ کار بیٹنگ لائن،بولنگ اٹیک میں رفتار اور سپن کا مؤثر امتزاج تینوں میچز جیتنے ہیں تو پھر ہمیں رن ریٹ کی زیادہ ضرورت نہیں ،سلمان آغا، پاکستان کو ہرانا مشکل لیکن ہماری تیاری مکمل ،میکس او ڈاوڈ
لاہور (سپورٹس ڈیسک)ٹی ٹونٹی کرکٹ ٹورنامنٹ کا دسواں ایڈیشن بھارت اور سری لنکا میں مشترکہ طور پر آج سے شروع ہوگا اور 8 مارچ تک جاری رہے گا۔ گروپ اے کے میچز سے ٹورنامنٹ کا آغاز کیا جائے گا جبکہ اسی روز کولمبو میں پاکستان اور نیدر لینڈ زآمنے سامنے ہوں گے جو ورلڈ کپ کا پہلا مقابلہ ہوگا۔ جس کے لیے شائقینِ کرکٹ میں زبردست جوش و خروش پایا جاتا ہے ۔ یہ میچ پاکستان کے ورلڈ کپ سفر کا پہلا مقابلہ ہوگا،جس میں قومی ٹیم اپنی مہم کا آغاز جیت کے ساتھ کرنے کی بھرپور کوشش کرے گی۔ پاکستانی ٹیم اس ٹورنامنٹ میں ایک مضبوط اور متوازن سکواڈ کے ساتھ شریک ہو رہی ہے۔
بیٹنگ لائن میں تجربہ کار اور جارحانہ کھلاڑی شامل ہیں، جبکہ بولنگ اٹیک میں رفتار اور سپن کا مؤثر امتزاج موجود ہے ۔ پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا نے کہا ہے کہ ہم پر پہلے میچز کا دباؤ نہیں ہے ۔انہوں نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ ہم ہر میچ میں اپنا بہترین دینے کی کوشش کریں گے ۔ ہم سب میچز جیتنے کی کوشش کریں گے ۔ تیاری بہت اچھی ہے بس اب پلان پر کام کرنا ہے ۔پاکستانی ٹیم کی کپتان نے بتایا کہ ہم نے 6 ماہ میں اچھی کرکٹ کھیلی ہے ۔انہوں نے کہاکہ موسم ہمارے کنٹرول میں نہیں ہے ہم اس کا کچھ نہیں کر سکتے ، البتہ ہمارے ہاتھ میں پرفارمنس ہے۔
وہ ہم نے دینی ہے ۔ ہم تینوں میچز جیتنے ہیں تو پھر ہمیں رن ریٹ کی زیادہ ضرورت نہیں ہے ۔ نیدرلینڈز کے بیٹر میکس او ڈاوڈ نے کہا ہے کہ ہمیں اندازہ ہے کہ پاکستان کو ہرانا مشکل ہے ۔ کولمبو میں پریس کانفرس میں میکس او ڈاوڈ نے کہا کہ ماضی میں ورلڈ کپ میں کارکردگی میں اتار چڑھاؤ رہا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کیلئے تیاری مکمل ہے اور ہمارے کھلاڑیوں نے سری لنکا کی کنڈیشنز کے لیے مختلف وینیوز پر ٹریننگ کی ہے ۔