پاک بھارت ٹاکرا:کشیدگی کے خاتمہ کیلئے5ممالک کے کرکٹ سربراہان مدعو
ملاقات میچ کے موقع پر سائیڈ لائنز پر منعقد ہوگی ،بنیادی مقصد بھارت، بنگلہ دیش اور پاکستان کے درمیان تعلقات کو بہتر بنانا ہے آئی سی سی چاہتی ہے ایشیائی نمائندے ایک ساتھ موجود ہوں، میچ دیکھیں اور بامعنی مذاکرات کریں، صدر بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ
کولمبو(سپورٹس ڈیسک)ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں پاک بھارت میچ سے قبل آئی سی سی نے بھارت، بنگلہ دیش اور پاکستان کے درمیان پیدا ہونے والی صورتحال کے بعد ایشیا کے پانچ بڑے کرکٹ کھیلنے والی ممالک کے سربراہان کو مدعو کر لیا ہے تاکہ باہمی مکالمے کے ذریعے مسئلے کا حل نکالا جا سکے ۔بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے صدر امین الاسلام نے مقا می اخبار کو دئیے گئے انٹرویو میں بتایا کہ یہ اہم ملاقات کولمبو میں بھارت اور پاکستان کے درمیان ہونے والے میچ کے موقع پر سائیڈ لائنز پر منعقد ہوگی۔بی سی بی کے صدر کے مطابق اس اجلاس کا بنیادی مقصد بھارت، بنگلہ دیش اور پاکستان کے درمیان تعلقات کو بہتر بنانا ہے ، جو ورلڈ کپ سے قبل کشیدہ ہو گئے تھے اور جس سے عالمی کرکٹ ماحول متاثر ہوا۔ ان تین ممالک کے علاوہ افغانستان اور سری لنکا بورڈز کے سربراہان بھی میٹنگ میں شریک ہوں گے ۔امین الاسلام نے کہا کہ 15فروری کو ہونے والے پاک بھارت میچ کے دوران آئی سی سی چاہتی ہے کہ ان پانچ ایشیائی ممالک کے نمائندے ایک ساتھ موجود ہوں، میچ دیکھیں اور بامعنی مذاکرات کریں۔ ان کے مطابق یہ اقدام خطے میں کرکٹ سفارتکاری کو فروغ دینے کی جانب ایک مثبت قدم ہے ۔آئی سی سی کی جانب سے اجلاس کے انعقاد کی خبر ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب پاکستان نے بھارت کے خلاف ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے گروپ مرحلے کے میچ کے بائیکاٹ کے اپنے ابتدائی فیصلے پر نظرثانی کی ہے ۔بی سی بی کے صدر کے مطابق پاکستان ابتدا میں میچ کا بائیکاٹ کرنے کے لیے تیار تھا، تاہم انہوں نے ذاتی طور پر پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی سے رابطہ کر کے انہیں فیصلے پر نظرثانی کے لیے قائل کیا اور مالی اثرات پر بھی توجہ دلائی۔