ٹی 20ورلڈکپ:انگلینڈ،آئرلینڈ اور جنوبی افریقہ کی فتح
سکاٹ لینڈ کو 5وکٹوں سے شکست کاسامناکرناپڑا، عمان کو 96رنز سے ہزیمت اٹھاناپڑی ،نیوزی لینڈ کی ٹیم 7وکٹوں سے ہارگئی
لاہور(سپورٹس رپورٹر )آئی سی سی ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں انگلینڈ نے سکاٹ لینڈ،آئرلینڈنے عمان اورجنوبی افریقہ نے نیوزی لینڈکو شکست دیدی ، کولکتہ میں کھیلے گئے ایونٹ کے تئیسویں میچ میں سکاٹ لینڈ کی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے آخری اوور میں 152 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ سکاٹ لینڈ کے رچی برینگٹن نے 49 اور مائیکل جونز نے 33 رنز بنائے جبکہ انگلینڈ کی جانب سے عادل راشد نے تین، جوفرا آرچر اور لیام ڈاؤسن نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ انگلینڈ نے 153 رنز کا ہدف 19ویں اوور میں 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ ٹام بینٹن نے 63 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جبکہ جیکب بیتھل نے 32 رنز بنائے ۔واضح رہے کہ اس فتح کے ساتھ ہی انگلینڈ نے گروپ میں واپس دوسری پوزیشن پر قبضہ جمالیا۔قبل ازیں بائیسویں میچ میں آئرلینڈ نے عمان کو 96 رنز سے شکست دے دی۔
کولمبو کے سنہالیز سپورٹس کلب میں کھیلے گئے مقابلے میں عمان کی ٹیم ایونٹ کے سب سے بڑے ہدف کے تعاقب میں 139 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی۔عمان کی جانب سے عامر کلیم نے 50 جبکہ حماد مرزا نے 46 رنز سکور کیے ۔ عامر کلیم 44 سال اور 86 روز کی عمر میں کسی بھی آئی سی سی ایونٹ میں نصف سنچری بنانے والے معمر ترین کھلاڑی بن گئے ۔ قبل ازیں آئرلینڈ نے 5 وکٹوں کے نقصان پر 235 رنز بنائے تھے جو رواں ایونٹ کا سب سے بڑا اور ٹی ٹونٹی ورلڈکپ کی تاریخ کا دوسرا بڑا مجموعی سکور ہے ۔ادھراحمدآبادمیں کھیلے گئے چوبیسویں میچ میں جنوبی افریقہ نے نیوزی لینڈ کو 7وکٹوں سے شکست دے دی۔ نیوزی لینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 7وکٹوں کے نقصان پر 175رنز بنائے جبکہ جنوبی افریقہ نے ہدف 17.1 اوورز میں 3وکٹوں کے نقصان پر پوراکرلیا۔