ہنڈرڈ میں پاکستانی پلیئرز کا ممکنہ بائیکاٹ،معین علی برہم
کسی مخصوص ملک کے پلیئرز کو نشانہ بنایا گیا تو یہ کھیل کی روح کیخلاف ہوگا
کینڈی (سپورٹس ڈیسک)انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے سابق سٹار آل راؤنڈر معین علی نے خبردار کیا ہے کہ اگر یہ تاثر پیدا ہوا کہ انڈین ملکیت والی برطانوی فرنچائز ٹیمیں دی ہنڈرڈمیں پاکستانی کھلاڑیوں کا بائیکاٹ کر رہی ہیں تو کھلاڑی اس کے خلاف آواز اٹھائیں گے اور کارروائی کریں گے ۔میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ 4 انڈین ملکیت والی برطانوی فرنچائزز مانچسٹر سپر جائنٹس، ایم آئی لندن، سدرن بریو اور سن رائزرز لیڈز سیاسی کشیدگی کے باعث پاکستانی کرکٹرز کو منتخب نہیں کریں گی۔ تاہم معین علی نے ان خبروں پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ اگر ایسا ہوا تو یہ انتہائی افسوسناک بات ہوگی۔ اپنے ایک بیان میں معین علی نے کہا کہ انگلینڈ میں اس طرح کا امتیازی سلوک نہیں ہونا چاہیے اور انہیں امید ہے کہ ایسا نہیں ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ منتظمین کو اس بات کو یقینی بنانا ہوگا کہ نیلامی کے عمل میں کسی بھی کھلاڑی کے ساتھ ناانصافی نہ ہو۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر واقعی کسی مخصوص ملک کے کھلاڑیوں کو نشانہ بنایا گیا تو یہ کھیل کی روح کے خلاف ہوگا۔معین علی نے اس امید کا اظہار کیا کہ انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ اس معاملے پر گہری نظر رکھے گا اور کسی بھی ممکنہ امتیازی رویے کو روکے گا۔