جاپان کو شکست ، پاکستان نے ہاکی ورلڈکپ کیلئے کوالیفائی کرلیا
قومی ٹیم کی 4-3سے جیت ، میچ کے اختتام سے 4 منٹ قبل گول کیپر علی رضا نے پنالٹی سٹروک روکا، 8 سال بعدورلڈکپ میں رسائی
لاہور(سپورٹس ڈیسک )ورلڈ کپ ہاکی کوالیفائر کے سیمی فائنل میں پاکستان نے جاپان کو 4-3 سے ہراکر 8 سال بعد ورلڈ کپ 2026ء کیلئے کوالیفائی کرلیا،گول کیپر علی رضا نے پنالٹی سٹروک روک کر پاکستان کو کامیابی سے ہمکنار کیا۔مصر شہر اسماعیلیہ میں جاری ورلڈ کپ ہاکی کوالیفائیر کے سیمی فائنل میں پاکستان نے جاپان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد شکست دے کر ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کیا۔میچ کے اختتام سے 4 منٹ قبل جاپان کو پنالٹی سٹروک ملا، جو گول کیپر علی رضا نے روک کر پاکستان کو فائنل میں پہنچا دیا اور ساتھ ہی ٹیم نے ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی بھی کرلیا۔پاکستان کی جانب سے سفیان خان، ابو محمد، محمد عماد اور افراز نے گول کئے ورلڈ کپ 14 اگست سے بیلجیئم اور نیدر لینڈ میں شروع ہوگا۔
پاکستان ہاکی ٹیم پچھلے ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی نہیں کرسکی تھی، قومی ٹیم آخری بار 2018ء کے ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کیا تھا۔ چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے ورلڈ کپ کیلئے کوالیفائی کرنے پر قومی ہاکی ٹیم کو مبارکباد دی ہے ،اپنے بیان میں انہوں نے کہاکہ کھلاڑیوں نے ٹورنامنٹ میں شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے آٹھ برس بعد ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کیا ہے ۔ یہ کامیابی ٹیم ورک اور کھلاڑیوں کی محنت کا نتیجہ ہے ۔ اس جیت سے ثابت ہوتا ہے کہ پاکستان میں ہاکی کا ٹیلنٹ موجود ہے ۔انہوں نے کپتان عماد شکیل بٹ سمیت تمام کھلاڑیوں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ قومی ٹیم فائنل بھی جیت کر وطن واپس آئے گی۔