ٹی 20ورلڈکپ فائنل : بھارت اورنیوزی لینڈکل مدمقابل

ٹی 20ورلڈکپ فائنل : بھارت اورنیوزی لینڈکل مدمقابل

دونوں ٹیموں کی آج پریکٹس ،میچ آفیشلز کا اعلان ، میڈیا سرگرمیوں کا شیڈول جاری

لاہور(سپورٹس ڈیسک )ٹی 20ورلڈکپ کافائنل کل بھارت اورنیوزی لینڈکے درمیان احمد آباد کے نریندر مودی سٹیڈیم میں مقامی وقت کے مطابق شام 7 بجے کھیلا جائے گا، ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ 2026 کے فائنل کے لیے میچ آفیشلز کا اعلان کر دیا گیا ہے ۔ انگلینڈ کے امپائر رچرڈ ایلنگ ورتھ اور الیکس وارف میدان میں امپائرنگ کے فرائض انجام د ینگے ۔ تھرڈ امپائر کی ذمہ داری جنوبی افریقہ کے اﷲ الدین پلیکر ادا کر ینگے جبکہ فورتھ امپائر ایڈریان ہولڈ سٹاک ہونگے ، میچ ریفری کے فرائض اینڈی پائکرافٹ انجام دینگے ۔دوسری طرف ٹی 20ورلڈ کپ کے فائنل سے قبل میڈیا سرگرمیوں کا شیڈول جاری کر دیا گیاہے ۔ میچ کے اختتام کے تقریبا 20ً منٹ بعد دونوں ٹیمیں میڈیا سے گفتگو کریں گی۔ پہلے شکست خوردہ ٹیم کے کھلاڑی اور آفیشلز پریس کانفرنس کریں گے جبکہ اس کے بعد فاتح ٹیم کے کھلاڑی اور ٹیم انتظامیہ میڈیا کے سوالات کے جواب دینگے۔

فائنل سے ایک روز قبل آج دونوں ٹیموں کی ٹریننگ سیشنز اور میڈیا گفتگو بھی شیڈول ہے ۔ نیوزی لینڈ کی ٹیم نریندر مودی سٹیڈیم میں مقامی وقت کے مطابق دوپہر 2 بجے سے شام 5 بجے تک پریکٹس کرے گی جبکہ اس سے قبل دوپہر تقریباً ڈیڑھ بجے پریس کانفرنس روم میں میڈیا سے گفتگو کی جائے گی۔بھارتی ٹیم اسی مقام پر شام 6 بجے سے رات 9 بجے تک ٹریننگ سیشن کرے گی جبکہ اس سے پہلے شام تقریبا پونے چھ بجے پریس کانفرنس روم میں میڈیا سے بات چیت کی جائے گی۔ میڈیا نمائندگان کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ طے شدہ شیڈول کے مطابق اپنی کوریج کو یقینی بنائیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں