پاک،بنگلہ پہلا ون ڈے آج،نوجوانوں کو موقع دینگے:شاہین
سیریز کیلئے کسی کو ڈراپ نہیں کیا،ٹیم کو ورلڈ کپ کیلئے تیار کیا جا رہا ہے تاکہ بہترین کمبی نیشن بنایا جا سکے ،تین کھلاڑی ڈیبیو کریں گے جوکھلاڑی سلیکٹ کیے وہ لسٹ اے اور پاکستان شاہینز کیجانب سے کھیل چکے ،کنڈیشن کے مطابق پلیئنگ الیون کا فیصلہ کرینگے ،کپتان
ڈھاکہ (سپورٹس ڈیسک)بنگلہ دیش اور پاکستان کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان تین ایک روزہ بین الاقوامی میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ آج شیر بنگلہ نیشنل سٹیڈیم ،ڈھاکہ میں کھیلا جائیگا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان ون ڈے سیریز کے تمام میچز شیر بنگلہ نیشنل سٹیڈیم ،ڈھاکہ میں ہی کھیلے جائینگے ۔ کپتان قومی ون ڈے ٹیم شاہین شاہ آفریدی کا کہنا ہے کہ بنگلادیش کے ساتھ سیریز میں 3کھلاڑی ڈیبیو کریں گے ۔ ڈھاکا میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شاہین آفریدی کا کہنا تھا کہ اس سیریز کے لیے کسی کو ڈراپ نہیں کیا گیا تاہم نوجوان کھلاڑیوں کو موقع دینا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہی کھلاڑی مستقبل میں ٹیم کی مضبوطی کا سبب بنیں گے ، ٹیم کو آنے والے ورلڈ کپ کے لیے تیار کیا جا رہا ہے تاکہ بہترین کمبی نیشن بنایا جا سکے ۔کپتان کے مطابق اس سیریز میں تین کھلاڑی ڈیبیو کریں گے جن میں معاذ صداقت، صاحبزادہ فرحان اور شامل حسین شامل ہیں۔ شاہین آفریدی نے بتایا کہ میچ میں معاذ صداقت اوپننگ کریں گے جبکہ شامل حسین ون ڈاؤن پوزیشن پر بیٹنگ کریں گے ۔کپتان نے کہا کہ جوکھلاڑی سکواڈ میں سلیکٹ کیے ہیں وہ لسٹ اے اور پاکستان شاہینز کی جانب سے کھیل چکے ہیں، معاذ صداقت اور صاحبزادہ فرحان سمیت چند ایسے کھلاڑی ہیں جو یہاں کھیل چکے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں شاہین آفریدی نے کہا کہ ہوم کنڈیشنز میں ہر ٹیم بہتر کارکردگی دکھاتی ہے ، ہم ٹیم کی ضرورت اورپچ کی کنڈیشن کے مطابق پلیئنگ الیون کا فیصلہ کریں گے ۔ سیریز کی ٹرافی کی رونمائی بھی کر دی گئی،ٹرافی کی رونمائی دونوں ٹیموں کے کپتانوں نے کی۔