ورلڈ کپ ،ٹیموں کی واپسی میں تاخیر، آئی سی سی کی وضاحت
ورلڈ کپ ،ٹیموں کی واپسی میں تاخیر، آئی سی سی کی وضاحت مشرقِ وسطیٰ میں جاری بحران،فضائی سفر میں رکاوٹوں کے باعث تاخیر ہوئی
دبئی(سپورٹس ڈیسک)انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کا کہنا ہے کہ ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں شرکت کرنے والی بعض ٹیموں کے کھلاڑیوں، کوچز اور سپورٹ سٹاف کی وطن واپسی میں تاخیر مشرقِ وسطیٰ میں جاری بحران اور اس کے نتیجے میں بین الاقوامی فضائی سفر میں پیدا ہونے والی رکاوٹوں کے باعث ہوئی ہے ۔آئی سی سی کے جاری کیے گئے بیان کے مطابق خطے میں فضائی حدود کی بندش، میزائل وارننگز، پروازوں کے راستوں میں تبدیلی اور کمرشل و چارٹر پروازوں کی اچانک منسوخی یا ری شیڈولنگ کے باعث سفری انتظامات غیر معمولی طور پر پیچیدہ ہو گئے ہیں۔ بیان میں کہا گیا کہ آئی سی سی متاثرہ ٹیموں کی جلد اور محفوظ واپسی کو یقینی بنانے کے لیے ایئر لائنز، چارٹر آپریٹرز، ایئر پورٹ حکام اور مختلف ممالک کے سرکاری اداروں کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے ۔آئی سی سی کے مطابق موجودہ انتظامات کے تحت جنوبی افریقا کا دستہ آج رات وطن واپسی کا سفر شروع کرے گا اور توقع ہے کہ آئندہ 36 گھنٹوں کے اندر تمام ارکان روانہ ہو جائیں گے ۔اسی طرح ویسٹ انڈیز کے 9 ارکان پہلے ہی کیربین کے لیے روانہ ہو چکے ہیں جبکہ باقی 16 ارکان آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران بھارت سے روانہ ہونے والی پروازوں میں سوار ہوں گے ۔