پاکستان سپرلیگ:یونائیٹڈ نے گلیڈی ایٹرز کا حملہ ناکام بنادیا
کوئٹہ نے پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کرتے ہوئے 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 183 رنز بنائے ،حسن نواز کی 66 رنز کی اننگز اسلام آباد نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کر کے ہدف 19ویں اوور میں 2 وکٹوں پر حاصل کیا،سمیر منہاس کے ناقابل شکست 82 رنز
لاہور(سپورٹس ڈیسک)پاکستان سپر لیگ کے اہم میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 8 وکٹوں سے شکست دے دی۔قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 183 رنز بنائے ۔ کپتان سعود شکیل 42 رنز کے ساتھ نمایاں رہے جبکہ حسن نواز نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے 66 رنز کی اننگز کھیلی۔ دیگر بیٹرز میں شامل حسین 21، خواجہ نافع 18 اور ٹام کرن 29 رنز کے ساتھ نمایاں رہے ۔اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے شاداب خان نے بہترین بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ہدف کے تعاقب میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 184 رنز کا ہدف 19ویں اوور میں صرف 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ سمیر منہاس نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 82 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جبکہ شاداب خان نے بھی 69 رنز بنا کر ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔دونوں کھلاڑیوں کے درمیان تیسری وکٹ کے لیے 128 رنز کی ناقابل شکست شراکت قائم ہوئی، جس نے میچ کا پانسہ یکسر پلٹ دیا دیگر کھلاڑیوں میں ڈیون کونوے نے 18 جبکہ آندریس گوس 2 رنز بنا سکے ۔اسلام آباد یونائیٹڈ کی اس فتح کے بعد ٹیم کی پوزیشن پوائنٹس ٹیبل پر مزید مستحکم ہو گئی ہے ۔شاداب خان کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔