نیشنل ویمنز ٹی 20ٹورنامنٹ میں سٹارزٹیم کی کامیابی
سٹرائیکرز نے کانکررز ویمنز ٹیم کو56 رنز سے شکست دی، انوشہ کے 6 شکار
لاہور (سپورٹس ڈیسک)نیشنل ویمنز ٹی 20 ٹورنامنٹ میں باغِ جناح لاہور میں کھیلے گئے میچ میں سٹارز ویمنز نے انوینسبلز ویمنز کو37 رنز سے شکست دے دی۔ سٹارز ویمنز ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں5 وکٹوں کے نقصان پر151 رنز بنائے ، جس میں حورینہ سجاد37 رنز کے ساتھ نمایاں رہیں۔ہدف کے تعاقب میں انوینسبلز ویمنز کی ٹیم 114 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی، جبکہ ارم جاوید31 رنز کے ساتھ نمایاں کھلاڑی رہیں۔ سٹارز ویمنز کی جانب سے عائشہ بلال نے 3 اور عائشہ رحمان نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کر کے ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔ دوسرے میچ میں سٹرائیکرز ویمنز نے غنی گلاس کرکٹ گراؤنڈ میں کانکررز ویمنز ٹیم کو56 رنز سے شکست دی۔ سٹرائیکرز ویمنز ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 20 اوورز میں147 رنز بنائے ، جس میں عالیہ ریاض نے 40 رنز کی اننگز کھیلی۔کانکررز ویمنز کی جانب سے انوشہ ناصر نے شاندار بالنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 13 رنز دے کر 6کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جو پاکستان ویمنز ڈومیسٹک ٹی 20کرکٹ کی تاریخ کی دوسری بہترین کارکردگی ہے ۔ اس سے قبل بہترین کارکردگی سعدیہ یوسف کے پاس ہے ، جنہوں نے 2012 میں کراچی میں ویمنز کرکٹ ٹرائینگولر ٹی 20 ٹورنامنٹ میں10 رنز دے کر 6 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا تھا۔تاہم کانکررز کی پوری ٹیم 91 رنز پر آؤٹ ہو گئی۔