تمیم اقبال کا ڈھاکا پریمیئر لیگ جلد شروع کرنے کا اعلان

تمیم اقبال کا ڈھاکا پریمیئر لیگ جلد شروع کرنے کا اعلان

فرسٹ کلاس کرکٹرز کی تنخواہوں اور میچ فیس میں بھی نمایاں اضافہ کر دیا

ڈھاکا (سپورٹس ڈیسک)بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کی ایڈہاک کمیٹی کے سربراہ تمیم اقبال نے ڈھاکا پریمیئر لیگ کے فوری آغاز کو ترجیح قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ کلبوں سے جلد مشاورت کر کے ٹورنامنٹ کا انعقاد یقینی بنایا جائے گا۔ تمیم اقبال نے کہا کہ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ اور کلبوں کے درمیان 7ماہ سے جاری تعطل کو ختم کرنے کے لئے اقدامات کیے جا رہے ہیں جبکہ گراؤنڈز کی کمی دور کرنے کے لئے نجی میدان بھی استعمال کیے جا سکتے ہیں۔تمیم اقبال نے فرسٹ کلاس کرکٹرز کی تنخواہوں اور میچ فیس میں نمایاں اضافے کا بھی اعلان کیا، جس کے تحت ماہانہ معاوضے اور فی میچ فیس میں خاطر خواہ اضافہ کیا گیا ہے جبکہ خواتین کرکٹرز کی ادائیگیوں میں بھی بہتری لائی گئی ہے ۔تمیم اقبال نے کہا کہ ماضی میں خواتین کرکٹرز کو انتہائی کم معاوضہ دیا جاتا تھا، جو ناقابل قبول تھا، تاہم اب اس نظام کو بہتر بنانے کے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ نئی انتظامیہ کے اقدامات سے تعطل ختم ہوگا اور ملک کا اہم ڈومیسٹک ٹورنامنٹ جلد بحال ہو جائے گا۔انہوں نے کہاکہ لیگ کے آغاز کے لئے کلب نمائندوں سے فوری ملاقاتیں کی جائیں گی اور کھلاڑیوں کے ٹرانسفر ونڈو کے اعلان کے بعد ٹورنامنٹ کو جلد میدان میں لایا جائے گا۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں