پی ایس ایل فائنل میں شائقین کو سٹیڈیم آنے کی اجازت

پی ایس ایل فائنل میں شائقین کو سٹیڈیم آنے کی  اجازت

وز یراعظم نے فرنچائز مالکان کی درخواست پر منظوری دی:چیئرمین پی سی بی محسن نقوی ،ٹکٹوں کی فروخت آج سے آن لائن شروع ہونے کا امکان

اسلام آباد(سپورٹس رپورٹر)وزیراعظم شہباز شریف نے بڑا فیصلہ کرتے ہوئے پی ایس ایل 11 فائنل میں شائقین کو سٹیڈیم آنے کی اجازت دیدی۔ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے سو شل میڈیا اکاؤنٹ ایکس پر وزیراعظم کے فیصلے سے آگاہ کرتے ہوے بتایا کہ انہوں نے وزیرِاعظم سے درخواست کی تھی کہ شائقینِ کرکٹ کو سٹیڈیمز میں داخلے کی اجازت دی جائے ۔ وزیرِاعظم بھی شائقین کو اجازت دینے کے حق میں تھے ، تاہم ملک بھر میں کفایت شعاری اقدامات نافذ ہیں اور ایندھن کے استعمال میں کمی کے لیے کوششیں جاری ہیں۔محسن نقوی کے مطابق فرنچائز مالکان کی درخواست پر وزیرِاعظم نے پی ایس ایل 11 کے فائنل میں شائقین کو سٹیڈیم آنے کی خصوصی اجازت دے دی ہے جس پرہم وزیرِاعظم کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ پی ایس ایل کا فائنل 3اپریل کو لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں کھیلا جا ئیگا، دوسری طرف ذرائع کے مطابق پی ایس ایل کے فائنل میچ کی ٹکٹوں اور انتظامات کے حوالے سے اہم اجلاس ہوا جس میں سکیورٹی اور لاجسٹکس معاملات سمیت مجوزہ پلان پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔اجلاس میں ٹکٹوں کے مجوزہ نرخوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ معمول سے نرخ کچھ زیادہ رکھنے کی تجویز پر بھی بات چیت کی گئی۔ ٹکٹوں کے مجوزہ نرخوں کی منظوری چیئرمین پی سی بی دینگے ، ٹکٹوں کی فروخت آج سے آن لائن شروع ہونے کا امکان ہے جبکہ پرنٹنگ مکمل ہونے کے بعد فزیکل ٹکٹس بھی جلد دستیاب ہونگے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں