صدر اور وزیراعظم کا امریکی صدارتی عشائیہ میں فائرنگ پر گہرے صدمے کا اظہار

اسلام آباد: (دنیا نیوز) صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے واشنگٹن میں وائٹ ہاؤس عشائیہ میں فائرنگ کے واقعہ پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

صدر آصف علی زرداری نے وائٹ ہاؤس پریس ڈنر میں فائرنگ کے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور خاتون اول کے محفوظ ہونے پر اطمینان کا اظہار کیا۔

صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پریس ڈنر پر فائرنگ گھناؤنا دہشت گردانہ عمل ہے۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے ایکس پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ واشنگٹن ڈی سی میں وائٹ ہاؤس عشائیہ کے دوران پیش آنے والے فائرنگ کے تشویشناک واقعے پر گہرے صدمے کا اظہار کرتا ہوں۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ یہ جان کر خوشی ہوئی کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ، خاتونِ اول اور دیگر شرکاء خیریت سے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میری دعائیں اور نیک تمنائیں ان کے ساتھ ہیں، اور میں ان کی مسلسل سلامتی اور خیریت کی دعا کرتا ہوں۔

خیال رہے کہ وائٹ ہاؤس میں میڈیا نمائندگان کے اعزاز میں دیے گئے عشائیے کے دوران فائرنگ کا واقعہ پیش آیا جس سے تقریب برخاست کر دی گئی، امریکی صدر سمیت تمام افراد واقعہ میں محفوظ رہے۔

تقریب میں امریکی صدر، امریکی خاتون اول اور نائب صدر جے ڈی وینس سمیت 2 ہزار 600 افراد موجود تھے، فائرنگ کے واقعہ کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ہدایت پر تقریب کو فوری طور پر برخاست کر دیا گیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں