دھمکیوں اور ناکہ بندی کے دوران جبری مذاکرات میں شامل نہیں ہوں گے: ایرانی صدر

تہران: (دنیا نیوز) ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ دھمکیوں اور ناکہ بندی کے دوران جبری مذاکرات میں شامل نہیں ہوں گے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری پیغام میں ایرانی صدر نے کہا کہ ماضی میں کیے گئے امریکا سے مذاکرات نے بداعتمادی میں اضافہ کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ جب تک جارحانہ اقدامات ختم نہیں کیے جاتے، اعتماد بحال نہیں ہوسکتا، ایران مسائل کو حل کرنے کیلئے منصفانہ اور منطقی راستے کا خیر مقدم کرے گا۔

اس سے قبل ایک پیغام میں ایرانی صدر نے کہا تھا کہ عوام عدم اطمینان پیدا ہونے سے روکیں، دشمن انفراسٹرکچر کو نشانہ بنا کر عوام کو بددل کرنا چاہتے ہیں، فی الحال قربانی نہیں، صرف بجلی کی کھپت میں کمی کی ضرورت ہے۔

مسعود پزشکیان کا مزید کہنا تھا کہ عوام بجلی اور وسائل کا محتاط استعمال کریں، 10 بلب جلانے کی بجائے 2 استعمال کریں، دشمن کے دباؤ کے باوجود حوصلہ برقرار رکھیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں