پاکستان سپرلیگ ایلیمینیٹر ملتان سلطانز ایونٹ سے آئوٹ
کنگزمین نے پہلے ملتان سلطانر کو 159 رنز تک محدود رکھا اور پھر ہدف 17ویں اوور میں بنا کسی پریشانی کے حاصل کرلیا فاتح ٹیم کل ایلیمینیٹر 2میں اسلام آباد یونائیٹڈ کا سامنا کرے گی، جو ٹیم جیتے گی وہ فائنل میں پشاور زلمی کے خلاف کھیلے گی
لاہور(سپورٹس ڈیسک)پاکستان سپر لیگ الیون کے پہلے ایلیمینیٹر میچ میں حیدرآباد کنگزمین نے ملتان سلطانز کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر ایونٹ سے آؤٹ کردیا۔ کنگزمین ایلیمنیٹر 2 میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے مدمقابل ہوں گے ۔ لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں کھیلے جانے والا یہ میچ یکطرفہ ثابت ہوا جہاں آغاز سے اختتام تک حیدرآباد کنگزمین ہی چھائی رہی جس نے پہلے ملتان سلطانر کو 159 رنز تک محدود رکھا اور پھر ہدف 17ویں اوور میں بنا کسی پریشانی کے حاصل کرلیا۔ حیدرآباد کنگزمین نے ٹاس جیت کر ملتان سلطانز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی، سلطانز نے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 159 رنز بنائے ۔
تجربہ کار شان مسعود 69 رنز بنا کر ناقابلِ شکست رہے ۔محمد نواز 18 رنز کے ساتھ دوسرے نمایاں بلے باز رہے ۔ صاحبزادہ فرحان نے 15 اور سٹیو سمتھ نے 13 رنز کی اننگز کھیلیں۔ حیدرآباد کنگزمین کی بولنگ شاندار رہی جہاں محمد علی، عاکف جاوید اور حنین شاہ نے دو دو جبکہ گلین میکسویل اور صائم ایوب نے ایک ایک وکٹ لی۔جواب میں حیدرآباد کنگز مین نے 160 رنز کا ہدف با آسانی 2 وکٹوں کے نقصان پر 16ویں اوور میں حاصل کرلیا۔معاذ صداقت 64 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے جبکہ عثمان خان نے 35 گیندوں پر 64 رنز کی اننگز کھیلی۔صائم ایوب نے ناقابل شکست 15 رنز بنائے ۔یوں حیدرآباد سے شکست کے بعد ملتان سلطانز کا پی ایس ایل 11 میں سفر اختتام پذیر ہوگیا۔فاتح ٹیم کل ایلیمینیٹر 2 میں اسلام آباد یونائیٹڈ کا سامنا کرے گی، جو ٹیم فاتح ہوگی وہ فائنل میں پشاور زلمی کے خلاف کھیلے گی۔