پی ایس بی کا نوجوان کھلاڑیوں کیلئے ڈیجیٹل ٹیلنٹ سسٹم کا آغاز

پی ایس بی کا نوجوان کھلاڑیوں کیلئے ڈیجیٹل ٹیلنٹ سسٹم کا آغاز

نئے نظام کا مقصد کھلاڑیوں کواپنی صلاحیتیں دکھانے کا موقع فراہم کرنا ہے شارٹ لسٹ امیدواروں کو متعلقہ نیشنل سپورٹس فیڈریشنز کو بھیجا جائے گا،ڈی جی

 اسلام آباد(دنیا رپورٹ ) پاکستان سپورٹس بورڈ نے ملک بھر کے نوجوان کھلاڑیوں کیلئے نیشنل ٹیلنٹ آئیڈنٹی فیکیشن اینڈ ویری فیکیشن سسٹم (NTIVS) کا آغاز کر دیا جو ایک ڈیجیٹل اور میرٹ پر مبنی پلیٹ فارم ہے۔ ڈائریکٹر جنرل پی ایس بی یاسر پیرزادہ کا کہنا ہے کہ اس نظام کا مقصد باصلاحیت کھلاڑیوں کو شفاف اور منظم طریقے سے قومی سطح پر اپنی صلاحیتیں دکھانے کا موقع فراہم کرنا ہے ۔یہ پروگرام 12 سے 25 سال کے پاکستانی شہریوں کے لیے کھلا ہے (سوائے کرکٹ کے ) اور درخواستیں پی ایس بی کی ویب سائٹ پر اردو اور انگریزی دونوں زبانوں میں جمع کروائی جا سکتی ہیں۔

اس عمل کی کوئی فیس نہیں، درخواستیں پورا سال جمع کروائی جا سکتی ہیں۔ڈائریکٹر جنرل کے مطابق درخواستوں کی ابتدائی جانچ آزاد ماہرین کے پینل کے ذریعے کی جائے گی جس کے بعد شارٹ لسٹ امیدواروں کو متعلقہ نیشنل سپورٹس فیڈریشنز کو بھیجا جائے گا جہاں مزید ٹرائلز اور تکنیکی جائزہ لیا جائے گا، حتمی سلیکشن کا اختیار متعلقہ فیڈریشنز کے پاس ہوگا جبکہ پی ایس بی عمل کی شفافیت کی نگرانی کرے گا۔فزیکل ایویلیوایشن کیمپس اسلام آباد، لاہور، کراچی، پشاور، کوئٹہ، مظفرآباد، گلگت اور سکردو میں منعقد کیے جائیں گے ۔انہوں نے بتایا یہ اقدام ٹیلنٹ کی تلاش کو ایک شفاف، جامع اور میرٹ پر مبنی قومی نظام میں تبدیل کرنے کی جانب اہم قدم ہے ، جس کا مقصد کسی بھی باصلاحیت کھلاڑی کو مواقع کی کمی کے باعث نظر انداز ہونے سے بچانا ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں